.

صدر ٹرمپ عسکری الوداعی تقریب کے بغیر رخصت ہوں گے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی وزارت دفاع پینٹاگان اپنی مدت مکمل کرنے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے مسلح افواج کی جانب سے الوداعی تقریب کا انعقاد نہیں کرے گا۔

ٹرمپ 20 جنوری کو اپنے منصب سے رخصت ہو جائیں گے۔ چند روز قبل امریکی کانگریس ٹرمپ کے مواخذے کے حوالے سے دوسری بار رائے شماری انجام دے چکی ہے۔ اس مواخذے کا سبب ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے چند روز پہلے واشنگٹن میں کیپٹول کی عمارت کا محاصرہ اور وہاں پر ہنگامہ آرائی کرنا ہے۔

امریکا کے دو سینئر ذمے داران نے جمعرات کے روز Defense One ویب سائٹ کو بتایا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے کسی قسم کی عسکری الوداعی تقریب نہیں ہو گی۔

واضح رہے کہ صدر کی میزبانی کرنا کسی بھی فوجی اڈے کے لیے بڑا اعزاز شمار ہوتا ہے۔ صدر ٹرمپ فوج کے سامنے آخری مرتبہ 12 دسمبر کو ویسٹ پوائنٹ میں نظر آئے تھے۔ اس موقع پر بری اور بحری افواج کے بیچ ایک میچ کھیلا جا رہا تھا۔

صدر رونالڈ ریگن وہ پہلے صدر تھے جنہوں نے 1989ء میں مسلح افواج کی جانب سے منعقد کی گئی الوداعی تقریب میں شرکت کی تھی۔ اس کے بعد سے امریکا کے تمام صدور وائٹ ہاؤس سے رخصت ہونے سے قبل اس اعزازی تقریب میں شریک ہوتے رہے ہیں۔