اسپین: میڈرڈ میں زورداردھماکے سے 6 منزلہ عمارت جزوی طور پرتباہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ کے وسطی حصے میں بدھ کو ایک زور دار دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں ایک چھے منزلہ عمارت جزوی طور پر تباہ ہوگئی ہے۔اس عمارت سے متصل ایک اسکول اور ایک نرسنگ ہوم واقع ہیں۔

فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ کس چیز کے پھٹنے سے دھماکا ہوا ہے۔سوشل میڈیا پر جاری کردہ بعض تصاویر اورفوٹیج میں عمارت سے دھویں کے مرغولے بلند ہوتے دیکھے جاسکتے ہیں اور اس کے تباہ شدہ حصے کا ملبہ بکھرا پڑا ہے۔

اسپین کے سرکاری نشریاتی ادارے سے نشر ہونے والی ایک ویڈیو میں امدادی کارکنان ملبے سے افراد کو نکال رہے ہیں۔ فوری طور پر واقعہ میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

عمارت سے متصل واقع اسکول خالی تھا کیونکہ ہسپانوی دارالحکومت میں 9 جنوری کو ریکارڈ برفباری کے بعد ابھی اسکول نہیں کھلے ہیں اور تدریسی سرگرمیاں معطل ہیں۔

میڈرڈ کی علاقائی ایمرجنسی سروس نے ایک ٹویٹ میں جائے وقوعہ پر امدادی سرگرمیوں کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ امدادی ٹیمیں ، فائر فائٹر اورپولیس اہلکار شہر کے وسطی علاقے میں دھماکے کے بعد کام کررہے ہیں۔

علاقے کی مکین ایک خاتون لیرے ری پراز نے امریکی خبررساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا ہے کہ ’’انھوں نے مقامی وقت کے مطابق تین بجے سہ پہر سے چند منٹ قبل زوردار دھماکے کی آواز سنی تھی لیکن یہ نہیں پتا چل رہا تھا کہ آواز کہاں سے آئی ہے۔جب ہم نے اپنی عمارت کے اوپر چڑھ کر دیکھا تو اسکول کے ساتھ واقع عمارت سے دھواں بلند ہورہا تھا۔‘‘

مقبول خبریں اہم خبریں