.

برطانیہ میں پورا گاؤں لندن کے ایک چھوٹے سے فلیٹ کی قیمت میں فروخت کے لیے پیش

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

برطانیہ میں ویلز کی تاریخی اور مشہور کاؤنٹی میں ایک پورے گاؤں کو حد درجہ معمولی رقم کے عوض فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔ اس کی قیمت کے سبب یہ ڈیل مبصرین اور دل چسپی رکھنے والے حلقوں میں موضوع بحث بن گئی ہے۔ اس پیش کش نے کرونا کے سائے میں برطانیہ کی ریئل اسٹیٹ مارکیٹ پر بھی روشنی ڈالی ہے۔ اس وبا کے سبب کئی دہائیوں کا بدترین عالمی اقتصادی بحران دیکھا جا رہا ہے۔

برطانیہ میں اخباری رپورٹوں کے مطابق Aberllefenni گاؤں کے 16 گھر اور کاٹجزکے علاوہ درجنوں ایکڑ زرعی اراضی فروخت کے لیے پیش کی گئی ہے۔ اس کے مقابل مطلوبہ مجموعی رقم 11.15 لاکھ برطانوی پاؤنڈز (16 لاکھ امریکی ڈالر) بنتی ہے۔

گاؤں کی یہ جائیداد اور زرعی اراضی کو 4 برس سے زیادہ عرصہ پہلے مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا تھا۔ جون 2016ء میں اس کی فروخت کے لیے درج کی گئی مطلوبہ قیمت 15 لاکھ پاؤنڈز تھی۔

اس وقت کی مطلوبہ قیمت میں اب 3.5 لاکھ پاؤنڈ سے زیادہ کی کمی آ چکی ہے۔ اس طرح پورے گاؤں کی قیمت لندن میں دو یا تین بیڈ رُوم کے چھوٹے سے فلیٹ کے مساوی ہے۔

فروخت کے لیے پیش کیا جانے والا گاؤں(Aberllefenni) سحر انگیز دیہی علاقوں کے بیچ واقع ہے۔ گاؤں کی سرسبز و شاداب اراضی، اطراف میں موجود جنگل اور پہاڑی سلسلہ اسے چہل قدمی، پہاڑی چڑھائی، سائیکلنگ، پرندوں کی نگرانی اور مچھلی کے شکار کے لیے ایک مثالی جگہ بنا دیتا ہے۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ گاؤں کو سیاحت کی خطوط پر استوار کیا جا سکتا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں