امریکا کے سبکدوش ہونے والے صدر ڈونلڈ ٹرمپ بدھ کی صبح وائٹ ہاؤس سے روانہ ہوگئے ہیں۔ وہ وائٹ ہاؤس کے جنوبی لان میں نمودار ہوئے اور وہاں امریکی صدر کے مخصوص طیارے میرین ون میں سوار ہوگئے ہیں۔
اس موقع پر انھوں نے اپنے مختصر کلمات میں کہا:’’یہ بہت اعزاز کی بات ہے،پوری زندگی کے اعزاز کی بات۔‘‘ وہ شاید اپنی صدارت کی جانب اشارہ کررہے تھے۔
ٹرمپ وائٹ ہاؤس سے میری لینڈ کے نواح میں جائنٹ بیس انڈریوز کی جانب روانہ ہوئے تھے۔ جہاں سے انھیں فوجی اعزاز کے ساتھ رخصت کیا جائے گا اور انھیں 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔اس کے بعد وہ ریاست فلوریڈا روانہ ہوجائیں گے جہاں وہ مار اے لاگو میں قیام کریں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے چھیالیسویں منتخب صدر جوبائیڈن کی حلف برداری کی تقریب سے چندے قبل واشنگٹن چھوڑ کر جارہے ہیں۔امریکا کی ایک صدی سے زیادہ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ ایک موجودہ صدر اپنے جانشین صدر کی حلف برداری کی تقریب می شرکت نہیں کررہا ہے۔