ڈونلڈٹرمپ نے جاتے جاتے؛یو اے ای سے درآمدہ ایلومینیم پر ٹیرف ختم کردیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

امریکا کے سبکدوش صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کو اپنے اقتدار کے آخری روزجاتے جاتے متحدہ عرب امارات کو ایلومینیم کی درآمدات پر عاید کردہ 10 فی صد ٹیرف سے مستثنا قرار دینے کا اعلان کیا ہے۔

انھوں نے دوسرے ممالک کی طرح یو اے ای کی ایلومینیم کی درآمدات پر 2018ء میں نئے محصولات عاید کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ان کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان اس ضمن میں ایک سمجھوتا طے پاگیا ہے،اس سے ایلومینیم کی درآمدات پر قدغنیں عاید کی جائیں گی۔

Advertisement

امریکا کے نئے صدر جوبائیڈن کی حلف برداری سے قبل وائٹ ہاؤس نے ایک اعلامیہ جاری کیا ہے۔اس کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان اہم سکیورٹی تعلقات کے پیش نظر یہ سمجھوتا طے پایا ہے۔

امریکا نے یو اے ای سے قبل ارجنٹینا، آسٹریلیا ، کینیڈا اور میکسیکو کوایلومینیم کے ٹیرف سے مستثنا قرار دے دیا تھا اور ان سے امریکا میں درآمدہ ایلومینیم پر محصولات عاید نہیں ہوتے۔

اس اعلامیے کے اجرا کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس سے ریاست فلوریڈا کے لیے روانہ ہوگئے تھے۔وہ امریکا کی ایک صدی سے زیادہ تاریخ میں پہلے سبکدوش صدر ہیں جنھوں نے اپنے جانشین صدر جو بائیڈن کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت نہیں کی ہے۔اس کے بجائے وہ نئے صدر کے لیے ایک خط چھوڑ گئے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں