’’امریکا میں نیادن‘‘:چھیالیسویں منتخب صدر 78 سالہ جوبائیڈن کی حلف برداری

کمالا ہیرس امریکا کی تاریخ میں پہلی خاتون اور سیاہ فام نائب صدر،ڈونلڈ ٹرمپ روایت توڑتے ہوئے واشنگٹن سے چلے گئے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

امریکا کے چھیالیسویں منتخب صدر جوزف بائیڈن نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔انھوں نے واشنگٹن میں ایک مذہبی دعائیہ تقریب میں شرکت کے بعد ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’’یہ امریکا کے لیے ایک نیادن ہے۔‘‘انھوں نے دنیا بھر میں امریکا کا سپر طاقت کا مقام بحال کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

ان کے ساتھ ڈیمو کریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والی منتخب نائب صدر کمالا ہیرس نے بھی اپنے عہدے کا حلف لے لیا ہے۔ وہ امریکا کی تاریخ میں پہلی خاتون اور پہلی ہی سیاہ فام نائب صدر ہیں۔جوزف بائیڈن کی اس وقت عمر 78 سال ہے اور وہ امریکا کے سب سے ضعیف العمر صدر بن گئے ہیں۔

واشنگٹن میں نئے صدر کی حلف برداری کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور کسی قسم کے ناخوش گوار واقعے سے بچنے کے لیے دارالحکومت کو’’گرین زون‘‘میں تبدیل کردیا گیا ہے۔یہ انتظامات 6 جنوری کو کیپٹول کی عمارت پر سبکدوش ہونے والے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کے دھاوے کے بعد کیے گئے ہیں۔بدھ کی صبح واشنگٹن سنسان نظر آرہا تھا۔

امریکیوں کو تشدد پر اکسانے کے الزام میں گذشتہ ہفتے کانگریس میں صدر ٹرمپ کا دوسری مرتبہ مواخذہ کیا گیا ہے۔انھوں نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ صدارتی انتخابات میں دھاندلی کی گئی تھی اور جوبائیڈن اورڈیموکریٹس نے ان انتخابات کو چُرا لیا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی انتخابات کے نتائج کو صدقِ دل سے تسلیم نہیں کیا تھا۔ چناں چہ وہ منتخب صدر جوبائیڈن کی حلف برداری کی تقریب سے چندے قبل واشنگٹن چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔امریکا کی ایک صدی سے زیادہ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ ایک موجودہ صدر نے اپنے جانشین صدر کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی روایت کو توڑ دیا ہے۔

جو بائیڈن اپنی حلف برداری کے بعد توقع ہے کہ 15 انتظامی احکامات پر دست خط کریں گے۔ان کے تحت ٹرمپ دور کی متعدد پالیسیوں اور احکامات کو منسوخ کردیا جائے گا۔ان میں بعض اسلامی ممالک سے تعلق رکھنے والے مسلمانوں پر سفری پابندیاں کو خاتمہ ،پیرس موسمیاتی معاہدے میں امریکا کی دوبارہ شمولیت اور کرونا وائرس کے تعلق سے پالیسیوں پر نظرثانی شامل ہے۔

جوبائیڈن صدارتی منصب سنبھالنے کے بعد کانگریس کو ایک بل بھی بھیجیں گے۔اس میں امریکا میں مقیم غیر قانونی تارکین وطن کو ملک کی شہریت دینے کا نقشہ راہ وضع کیا گیا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں