لیبیا کے سابق وزیراعظم ونیس القذافی کی پوتی کو مصر میں اس کے ایک دوست نے ایک کثیر منزلہ عمارت کی ساتویں منزل سے دھکا دے کر گرا دیا جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوگئی۔ عینی شاہدین اور مقتولہ کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ قاتل ریتاج محسن ونیس القذافی کے ساتھ شادی کرنا چاہتا تھا مگر اس کے انکار پر اس نے اسے ساتویں منزل سے نیچے پھینک کر قتل کر دیا۔
مصری پولیس نے ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد اس کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ مشرقی قاہرہ کی سوسائٹی نمبر پانچ میں ایک کثیر منزلہ عمارت کی ایک فلیٹ میں پیش آیا۔ قاتل نے لڑکی کو اس کے فلیٹ کی بالکونی سے نیچے دھکا دے دیا جس کے نتیجے میں نیچے جا لگی اور موقع پر ہی دم توڑ گئی۔
مقتولہ کا پوسٹ مارٹم کیا گیا ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لڑکی زمین پر گرنے کے نتیجے میں زخموں سے بری طرح چور ہو گئی تھی جو جاںبر نہ ہوسکی اور موقعے پر ہی ہلاک ہوگئی۔
ایک عینی شاہد نے عدالت کو بتایا کہ اس نے فلیٹ میں لڑکی اور اس کے آشنا کی آپس میں اونچی آواز میں تلخ کلامی سنی۔ اس نے بتایا کہ لڑکی لیبی عربی لہجے میں بات کررہی تھی جسے وہ صحیح سے نہیں سمجھ سکا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ شور شرابے کے کچھ دیر بعد قاتل نے لوگوں کو بتانا شروع کیا کہ لڑکی نے خود کشی کی ہے۔ پولیس کے پہنچنے پر ملزم نے لڑکی کا فون اپنے پاس سے انہیں دیا۔ پولیس نے ابتدائی تحقیقات کیں تو پتا چلا کہ لڑکی نے خود کشی نہیں کی بلکہ اسے دھکا دے کر گرایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ ریتاج لیبیا کے ساتھ مصر کی بھی شہری تھیں۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ ریتاج اور ملزم کے درمیان دوستانہ مراسم تھے اور وہ اس سے شادی کرنا چاہتا تھا۔