
بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں واقع اسرائیل کے سفارتخانے کے باہر دھماکہ ہوا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی پولیس نے تصدیق کی کہ دارالحکومت میں ابوالکلام روڈ پر اسرائیلی سفارتخانے کے باہر دھماکہ ہوا ہے۔ پولیس نے دھماکے میں کسی کے زخمی ہونے کی تصدیق نہیں کی۔ دھماکے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے
جس مقام پر دھماکا ہوا وہ جگہ وجے چوک سے دو کلومیٹر سے بھی کم فاصلے پر واقع ہے جہاں صدر رام ناتھ کوونڈ، وزیراعظم نریندر مودی اور دوسرے سینیئر حکومتی حکام ایک تقریب میں شریک تھے۔
پولیس کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ پلاسٹک کے تھیلے میں دھماکہ خیز مواد ڈال کر سڑک کے کنارے پر رکھا گیا تھا جہاں وہ پھٹ گیا اور قریب کھڑی چار پانچ گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
Blast near Isreal embassy in Delhi | #ITLivestream https://t.co/HgrfjqDkPU
— IndiaToday (@IndiaToday) January 29, 2021
دہلی پولیس کے اسپیشل سیل کے اہلکار واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور جائے دھماکا سے ابتدائی شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں، اطراف کے علاقوں کو سیل کر کے سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری کو تعینات کر دیا گیا ہے۔
بم ڈسپوذل اسکواڈ، فرانزک ٹیمیں، فائر بریگیڈ اور ایمبولینس اطلاع ملنے پر پہنچ گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پارکنگ میں کھڑی 4 گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے جب کہ کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ میڈیا فوٹیجز میں نظر آنے والے مناظر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس کے حکام عمارت کے باہر کھڑے ہیں اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔