یو اے ای: کووِڈ-19 کے 2730 نئے کیسوں کی تشخیص ، 9 مریض چل بسے!

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

متحدہ عرب امارات میں سوموار کو کرونا وائرس کے 2730 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے اور ملک میں کل تشخیص شدہ کیسوں کی تعداد 306339 ہوگئی ہے۔

یو اے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے مزید نو مریض چل بسے ہیں اور 4452 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔اس طرح وبا کے آغاز کے بعد سے اب تک 281410 مریض تن درست ہوچکے ہیں جبکہ 859 مریض وفات پا چکے ہیں۔

Advertisement

وام نے بتایا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹے میں یو اے ای کے مختلف حصوں میں کووِڈ-19 کے 127572 ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور ان میں سے مذکورہ نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔

درایں اثناء امارت ابوظبی میں آج سوموار سے داخلے کے خواہاں افراد کے لیے کرونا وائرس کے تشخیصی ٹیسٹوں سے متعلق ترمیم شدہ قواعد وضوابط کا نفاذ کردیا گیا ہے۔

ابوظبی کی ایمرجنسی، کرائسیس اور ڈیزاسٹرکمیٹی کے مطابق یواے ای کے شہریوں اور غیرملکی مکینوں کو کرونا وائرس کے پی سی آر کے ٹیسٹ کا منفی نتیجہ ملنے کے 48 گھنٹے کے اندرابوظبی میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔

جولوگ چاردن یا اس سے زیادہ ابوظبی میں قیام کریں گے، انھیں اپنی آمد کے بعد چوتھے روز لازمی طورپر پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا۔جو لوگ آٹھ روز یا اس سے زیادہ قیام کریں گے،انھیں آٹھویں روز یہ ٹیسٹ کرانا ہوگا۔

کمیٹی کے مطابق جو شہری اور مکین کرونا وائرس کا ڈیفریکٹو فیزانٹرفرمیٹری (ڈی پی آئی) ٹیسٹ کراتے ہیں، وہ اس کا منفی نتیجہ ملنے کے 24 گھنٹے کے اندرابوظبی میں آسکتے ہیں۔ان میں سے جولوگ 48 گھنٹے یا اس سے زیادہ قیام کریں گے ،انھیں آمد کے تیسرے روز لازمی طور پر پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا۔سات دن یا اس سے زیادہ قیام کی صورت میں انھیں ساتویں روز نیا ٹیسٹ کرانا ہوگا۔

مقبول خبریں اہم خبریں