.

یورپی جوڑے نے اپنے لیے برف سے "فیراری" گاڑی تیار کر لی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یورپ کے شمال میں واقع ملک لیتھوینیا میں ایک شوہر نے بیوی کے ساتھ مل کر برف کو تراش کر معروف کار "فیراری" کی ہُو بہو نقل تیار کر دی۔

برطانوی اخبار " ڈیلی میل" کے مطابق پینیویزیس کاؤنٹی میں برف باری کا سلسلہ رکنے پر اس جوڑے کے ذہن میں یہ اچھوتا خیال آیا۔ انہوں نے دو روز کے دوران محنت کر کے مشہور اطالوی گاڑی کی برف سے بنی نقل تیار کر لی۔ دل چسپ بات یہ ہے کہ برف سے تیار کی گئی گاڑی کا حجم فیراری کے اصل حجم کے برابر ہے۔ مزید یہ کہ برف کی گاڑی پر ماحول دوست سرخ رنگ بھی کیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر برف سے بنی فیراری کی وڈیو گردش میں آ گئی۔ گاڑی کو نہایت پیشہ وارانہ انداز سے تیار کیا گیا۔ گاڑی کو دیکھ کر حقیقی ماڈل کا گمان ہوتا ہے۔ مذکورہ جوڑے کو فیراری سے بے پناہ عشق ہے اگرچہ ان کے مالی حالات اس گاڑی کو خریدنے کی اجازت نہیں دیتے۔

واضح رہے کہ حقیقی فیراری گاڑی کی قیمت 20 لاکھ امریکی ڈالر کے لگ بھگ ہے۔

برف سے اپنی پسندیدہ گاڑی تیار کرنے والے جوڑے کا ازراہ تفنن کہنا ہے کہ "اب کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ ہمارے گھر کے باہر اپنی فیراری گاڑی نہیں کھڑی ہے"۔