طویل انتظار کے بعد؛اسرائیلی وزیراعظم کی امریکی صدرجوبائیڈن سے فون پر’’گرم جوش‘‘گفتگو
اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے امریکی صدر جو بائیڈن سے ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے۔وائٹ ہاؤس کے مطابق دونوں لیڈروں نے ایران سمیت علاقائی سکیورٹی سے متعلق امور پرقریبی مشاورت جاری رکھنے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔
صدرجوبائیڈن کی جنوری میں منصب سنبھالنے کے بعد اسرائیلی وزیراعظم سے فون پریہ پہلی گفتگو ہے۔بیان کے مطابق’’صدر پوتین نے اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان امن عمل سمیت خطے میں امن کے لیے کام کی اہمیت کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔‘‘
وزیراعظم نیتن یاہو کے دفترنے کہا ہے کہ ’’دونوں کے درمیان گفتگو بڑی دوستانہ اور گرم جوش انداز میں ہوئی ہے اور کوئی ایک گھنٹا تک جاری رہی ہے۔‘‘
نیتن یاہونے گذشتہ سوموار کو ایک بیان میں اس امرکا اعتراف کیا ہے کہ ان کے اور صدر جوبائیڈن کے درمیان ایران اور فلسطین کے معاملے پراختلافات پائے جاتے ہیں۔انھوں نے یہ بات زور دے کر کہی ہے کہ ’’ان کے درمیان مضبوط شراکت داری پائی جاتی ہے۔‘‘
نیتن یاہوکے دفترنے بدھ کوایک بیان میں کہا تھا کہ ’’دونوں لیڈروں نے طویل عرصے سے جاری ذاتی تعلقات کی اہمیت کا ذکر کیا ہے اور کہا کہ اسرائیل اور امریکا کے درمیان تعلقات کو مزیدمضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔‘‘