.

ویکسی نیشن کے لیے سفارش پر ارجنٹائن کے وزیر صحت مستعفی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ارجنٹائن کے وزیر صحت جنیز گونزیلے گاسیا نے ان اطلاعات کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ کچھ لوگوں نے اپنے ’روابط‘ استعمال کرتے ہوئے کووڈ۔۱۹ کی ویکسین حاصل کی حالانکہ وہ اس بات کا استحقاق نہیں رکھتے تھے۔

ٹویٹر پر پوسٹ کردہ ایک خط میں جنیز گونزیلے گاسیا نے کہا کہ ان کی دفتر میں غیر موجودگی کے دوران کچھ لوگوں نے ’غیر ارادی کنفیوژن‘ کے باعث ویکسی نیشن لگانے کے طے شدہ طریقہ کار سے پہلو بچانے کی کوشش کی۔

ایوان صدر کے دو ذرائع نے جمعہ کے روز بتایا کہ ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی اطلاعات میں الزام عاید کیا گیا تھا کہ کم سے کم دس افراد نے طے شدہ طریقہ کار کو بائی پاس کرتے ہوئے ویکسی نیشن کروائی ہے، جس کے بعد صدر البرٹو فرنینڈس نے مسٹر جنیز سے استعفیٰ طلب کر لیا۔ مروجہ طریقہ کار سے ہٹ کر ویکسی نیشن کروانے والوں میں ایک بزرگ صحافی بھی شامل ہیں جنہوں نے وزیر صحت کو خود براہ راست فون کر کے ویکسین کی خوراک لگوائی۔

بڑے پیمانے پر مشتہر کیے جانے والے اسکینڈل سے خطے میں ویکسین لگوانے کے لیے بدعنوان طریقے اختیار کرنے کے خوف کے سائے بڑھتے جا رہے ہیں کیونکہ ان علاقوں میں ویکسین کی سپلائی پہلے ہی مطلوبہ تعداد سے کم ہے۔

قبل ازیں پیرو کی وزیر خارجہ الزبتھ آسٹیٹی نے کرونا وائرس سے بچاﺅ کی ویکسین مہم شروع ہونے قبل ہی ویکسین لگوانے کے باعث پیدا ہونے والے سکینڈل پر استعفی دے دیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق اس حوالے سے انہوں نے گذشتہ روز اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ انہوں نے ملک میں ویکسین پروگرام شروع ہونے سے قبل اور کلینیکل ٹرائلز کے بغیر چینی ویکسین سینوفارم لگوانے کا اعتراف کرنے کے بعد اپنے عہدے سے استعفی دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے سنگین غلطی کی ہے جس کے باعث انہوں نے ویکسین کی دوسری خوراک نہ لگوانے کا فیصلہ کیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے صدر کو اپنا استعفی پیش کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ الزبتھ آسٹیٹی نے ویکسین مہم شروع ہونے سے قبل ہی 22 جنوری کو چینی ویکسین لگوائی تھی۔

روس کی 'اسپوتنک فائیو' ویکسین کی تقریباً 3 لاکھ خوراکیں دسمبر کو ارجنٹائن پہنچ چکی ہیں۔ 'رائٹرز' کے مطابق ارجنٹائن کی حکومت نے ہنگامی طور پر استعمال کے لیے اس ویکسین کی منظوری دی تھی۔

ارجنٹائن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزارت صحت میں نائب وزیر کارلا وزوٹی کو مستعفی ہونے والے جنیز گونزیلے گاسیا کی جگہ وزیر صحت مقرر کیا جائے گا، تاہم اس امر کی اب تک سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔

سرکاری اعداد وشمار کے مطابق ارجنٹائن میں کورونا سے اب تک 51 ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔