امریکی مرکزی کمان کے کمانڈر جنرل کینیتھ میکنزی نے باور کرایا ہے کہ ایران مرکزی کمان کے کی کارروائیوں کے علاقے میں "سب سے بڑا خطرہ" ہے۔
انہوں نے یہ بات جمعرات کے روز ’ایم بی سی مصر‘ ٹی وی چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہی۔ میکنزی کے مطابق تہران "دہشت گردی کی برآمد اور بیلسٹک میزائلوں کی تیاری سے خطے کے ممالک کے لیے خطرہ بن رہا ہے"۔
انہوں نے باور کرایا کہ "ایران کو لگام دینا امریکا کی اولین ترجیحات میں سے ہے۔ ہم خلیجی ممالک کے ساتھ ان کے فضائی دفاع کو بہتر بنانے کے واسطے کام کر رہے ہیں"۔
مصر کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے امریکی مرکزی کمان کے سربراہ کا کہنا تھا کہ "مصر اپنے جغرافیائی محل وقوع کے سبب ہمارے لیے بہت اہم ہے... وہ داعش کے خلاف سرگرم اتحاد میں ایک بنیادی رکن ہے"۔