سعودی عرب نے اب تک یمن سے حوثی شیعہ باغیوں کے داغے گئے 346 بیلسٹک میزائل اور 526 ڈرونز تباہ کردیے ہیں۔عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے العربیہ ٹی وی کو بتایا ہے کہ سعودی عرب کے سوا کسی اور ملک نے اتنی زیادہ تعداد میں بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کو روک کر ناکارہ نہیں بنایا ہے۔
سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد نے ہفتے کی شب یمن سے حوثی شیعہ باغیوں کا دارالحکومت الریاض کی جانب داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل فضا ہی میں تباہ کردیا تھا۔عرب اتحاد نے اس حملے سے قبل ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے بارود سے لدے چھے ڈرونز کو بھی فضا ہی میں ناکارہ بنا دیا تھا۔ان ڈرونز سے سعودی عرب کے جنوبی شہروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔
ان حملوں کے بعد کرنل ترکی المالکی نے العربیہ سے انٹرویو میں کہا کہ حوثی ملیشیا ہی واحد دہشت گرد گروپ ہے جو سپاہِ پاسداران انقلاب ایران کی مدد ومعاونت سے فوجی صلاحیتوں کی حامل ہے۔
انھوں نے انکشاف کیا ہے کہ ’’حوثیوں کے حملے ایرانی جنرلوں کے احکامات اور ہدایات کے مطابق کیے جارہے ہیں اور ایرانی جنرل ہی مقبوضہ صنعاء میں ملیشیا کو کنٹرول کررہے ہیں۔‘‘
کرنل ترکی المالکی کا کہنا تھا کہ عرب اتحاد شہریوں کو ہدف بنانے کے خطرے سے نمٹنے کی صلاحیتوں کا حامل ہے۔حوثی ملیشیا نے بے گناہ لوگوں کو ہدف بنانے کا سلسلہ جاری رکھاہوا ہے۔اگر انھیں کوئی نقصان پہنچا تو یہ ایک سرخ لکیر ہوگی۔
ایران کے حمایت یافتہ دہشت گرد حوثی باغیوں نے سعودی عرب اور یمن میں قانونی حکومت کی عمل داری والے علاقوں پرحالیہ دنوں میں ڈرون اور بیلسٹک میزائلوں سے حملے تیز کررکھے ہیں۔