.

سعودی ائیرلائنز کی ائیربس اور بوئنگ سے 70 جیٹ طیارے خریدکرنے کے لیے بات چیت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی (السعودیہ) ائیربس اور بوئنگ سے 70 نئے طیارے خرید کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

سعودی خبری ادارے معال نے سوموار کو نامعلوم ذرائع کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ سعودی ائیرلائنز مقامی بنکوں سے ساڑھے 11 ارب ریال (3 ارب 7 کروڑ ڈالر) کے قرض کے حصول کے لیے بات چیت کررہی ہے تاکہ ائیربس اے 321 تنگ باڈی والے جیٹ اور بوئنگ کے چوڑی باڈی والے 777 اور 787 ڈریم لائنر خرید کرنے کے لیے جزوی طور پر رقم مہیا کی جاسکے۔

البتہ اس رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ سعودی ائیرلائنز ان دونوں کمپنیوں سے کتنے کتنے طیارے خرید کرے گی اور بنکوں کے علاوہ وہ خود کتنی رقم ادا کرے گی۔

ایک بنک کار نے بھی اس رپورٹ کی تصدیق کی ہے اور اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ السعودیہ مارکیٹ میں قرض کے حصول کے لیے بات چیت کررہی ہے تاکہ قریباً 70 طیارے خرید کرسکے۔

سعودی ائیرلائنز کے فلیٹ میں اس وقت 144 طیارے شامل ہیں۔ان میں اے321، 777 اور 787 تینوں طرح کے جیٹ شامل ہیں۔تاہم السعودیہ نے فوری طور پر اس رپورٹ کے حوالے سےکوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

ائیربس کی خاتون ترجمان کا کہنا ہے کہ طیارہ ساز فرم تو ہمیشہ اپنی خریدار فضائی کمپنیوں سے ان کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے رابطے میں رہتی ہے لیکن ترجمان نے مزید کسی تبصرے سے انکار کیا ہے۔بوئنگ نے بھی اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔