عرب اتحاد نے یمنی حوثیوں کا سعودی شہر جازان پرداغا گیا بیلسٹک میزائل تباہ کردیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

عرب اتحاد نے جمعرات کو یمن سے حوثی ملیشیا کا سعودی عرب کے جنوبی شہر جازان کی جانب داغا گیا ایک اور بیلسٹک میزائل تباہ کردیا ہے۔

عرب اتحاد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’حوثی دہشت گرد ملیشیا نے جان بوجھ کر شہریوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ہم بین الاقوامی قانون کے مطابق شہریوں اور شہری اہداف کے تحفظ کے لیے آپریشنل اقدامات کررہے ہیں۔‘‘

عرب اتحاد کےترجمان کرنل ترکی المالکی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کی دہشت گردی کی یہ کارروائیاں اور ان کے ذریعے جان بوجھ کر شہریوں اور شہری اہداف کو نشانہ بنانے کی کوششیں جنگی جرائم کے زمرے میں آتی ہیں۔‘‘

عرب اتحاد نے قبل ازیں ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کے بارود سے لدے دو ڈرون بھی تباہ کرنے کی اطلاع دی تھی۔یہ دونوں ڈرون سعودی عرب کے جنوب مغربی شہر خمیس مشیط کی جانب چھوڑے گئے تھے۔اس شہر میں سعودی عرب کا شاہ خالد ائیربیس واقع ہے۔

خمیس مشیط سعودی عرب کے جنوب مغربی صوبہ عسیر میں ابھا شہر سے مشرق کی جانب واقع ہے۔قبل ازیں فروری میں حوثیوں نے ابھا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو بھی ایک ڈرون حملے میں نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں وہاں کھڑے ایک طیارے میں آگ لگ گئی تھی۔

ابھا کا بین الاقوامی ہوائی اڈا یمن کی سرحد سے 120 کلومیٹر جنوب میں واقع ہے۔حوثیوں نے ابھا کے شہری ہوائی اڈے پر اس حملے کی ذمے داری قبول کی تھی اور یہ دعویٰ کیا تھا کہ یہ ایک فوجی ہدف تھا۔

حوثی ملیشیا نے اس ہفتے کے دوران میں یمن سے سعودی عرب کی جانب متعدد ڈرون اور بیلسٹک میزائل داغے ہیں۔ان میں سے ایک بیلسٹک میزائل سعودی دارالحکومت الریاض پر داغا گیا تھا۔اس کو عرب اتحاد نے سراغ لگا کر تباہ کردیا تھا مگر اس کا ملبہ شہر کے اقامتی علاقے میں ایک مکان پر گراتھا جس سے اس مکان کو نقصان پہنچا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں