عرب اتحادی فورسز نے یمن کے دارالحکومت صنعاء میں حوثی ملیشیا کے ٹھکانوں پر فضائی حملے شروع کردیے ہیں۔
عرب اتحاد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حوثی ملیشیا کے سعودی عرب کے شہروں اور شہری اہداف پر ڈرون حملوں کے ردعمل میں فضائی بمباری کی جارہی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ ایران کی حمایت یافتہ اس دہشت گرد ملیشیا کے لیڈر سعودی عرب کے شہروں پر ڈرون اور میزائل حملوں کے ذمے دار ہیں اوران سے انتقام لیا جائے گا۔
عرب اتحادی فورسز نے قبل ازیں اتوار کی صبح ایران نواز ملیشیا کے سعودی عرب کی جانب چھوڑے گئے متعدد ڈرونز کو مارگرایا ہے۔عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ سعودی عرب کی جانب آنے والے پانچ ڈرونز کو تباہ کردیا گیا ہے۔اس کے بعد پانچ اور ڈرونز کو بھی مارا گرایا گیا ہے لیکن انھوں نے یہ نہیں بتایا کہ آیا ان ڈرونز کو بھی سعودی عرب کی جانب داغا گیا تھا یا انھیں یمن ہی میں تباہ کیا گیا ہے۔
حوثیوں نے گذشتہ دوہفتے سے سعودی عرب کے جنوبی شہروں اور یمن کے شمالی صوبہ مآرب میں بین الاقوامی تسلیم شدہ حکومت کے تحت فورسز کے خلاف بیلسٹک اور میزائل حملے تیز کررکھے ہیں۔
مآرب میں حوثی ملیشیا اور یمنی فورسز کے درمیان شدید لڑائی ہورہی ہے اورہفتے کے روز متحارب فورسز کے کم سے کم 90 جنگجو ہلاک ہوگئے تھے۔اس لڑائی کے دوران میں عرب اتحاد اور یمنی فورسز نے ایران نواز ملیشیا کومختلف محاذوں سے پسپا کردیا ہے۔
کرنل ترکی المالکی کا کہنا ہے کہ مآرب میں اتحادی فورسز نے حوثی ملیشیا کے خلاف لڑائی میں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔اب اس کے ردعمل میں حوثیوں نے سعودی عرب کے شہروں پر ڈرون اور میزائل حملے تیز کررکھے ہیں۔انھوں نے بتایا ہے کہ عرب اتحاد سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں گرنے والے تباہ شدہ ڈرونز کا جائزہ لے رہا ہے۔