.

سعودی عرب:کووِڈ-19 کی ویکسین لگوانے والوں کی تعداد 20 لاکھ سے بڑھ گئی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں کروناوائرس کی ویکسین لگوانے والوں کی تعداد 20 لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔

سعودی وزارتِ صحت نے مملکت بھر میں ویکسین لگانے کے لیے 500 سے زیادہ مراکز قائم کیے ہیں تاکہ ویکسین کی ہرشہری اور مکین کے لیے دستیابی یقینی بنائی جاسکے۔ان مراکز میں تمام اہل افراد کو حکومت کی جانب سے مفت ویکسین لگائی جارہی ہے۔

سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمدالعبدالعالی نے سعودی شہریوں اور تارکِ وطن مکینوں پر زوردیا ہے کہ وہ صحتی ایپ پر اپنے ناموں کا اندراج کرائیں تاکہ انھیں دستیاب ویکسینوں میں سے کسی ایک کے انجیکشن لگائے جاسکیں۔

انھوں نے واضح کیا ہے کہ مملکت میں منظورشدہ ویکسینیں مؤثر اور محفوظ ہیں اور ان کے اب تک کوئی ضمنی اثرات سامنے نہیں آئے ہیں۔

وزارتِ صحت نے گذشتہ بدھ کو کروناوائرس کی ویکسین لگانے کی قومی مہم میں توسیع کا اعلان کیا تھا اوراب اس میں ملکی آبادی کے تمام طبقات کو شامل کیا جارہا ہے۔ پہلے صرف عمر کے مخصوص گروپوں اور کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں محاذِاوّل پر کارکنوں کو ویکسین لگائی جارہی تھی۔

سعودی حکام کے مطابق اب تک ترجیحی گروپوں سے تعلق رکھنے والے تمام لوگوں کو ویکسین لگائی جاچکی ہے اور اسی وجہ سے اب وزارتِ صحت دوسرے گروپوں کو بھی کرونا وائرس سے بچانے کے لیے ویکسین لگا رہی ہے۔

وزارت صحت کے منظورشدہ الیکٹرانک نظام کے مطابق ویکسین لگوانے کے خواہاں شہریوں کے پاس کارآمد قومی شناختی کارڈ اور تارکین وطن کے پاس کارآمد اقامے ہونے چاہییں۔ویکسین لگوانے کے خواہاں تمام اہل افراد وزارتِ صحت کی ’صحتی ایپ‘ پر اپنے ناموں کا اندراج کرسکتے ہیں۔

اس کے بعد وہ دستیاب تاریخوں کے مطابق ویکسین لگوانے کے لیے براہ راست وقت لے سکتے ہیں اور کسی نزدیک ترین ویکسی نیشن مرکز میں مقررہ وقت پر پہنچ کر ویکسین لگوا سکتے ہیں۔

سعودی عرب میں کووِڈ-19 کی ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے والوں کو آن لائن صحت پاسپورٹ بھی جاری کیا جارہا ہے۔یہ صحت پاسپورٹ وزارت صحت کی توکلنا ایپ پر دستیاب ہے۔کووِڈ-19 کی ویکسین کی دوسری خوراک لگوانے والے شخص کو چند سیکنڈز ہی میں توکلنا ایپ پرخودکار طریقے سے صحت پاسپورٹ جاری ہوجاتا ہے۔

دریں اثناء سعودی وزارتِ صحت نے ہفتے کے روز کرونا وائرس کے 351 نئے کیسوں کی اطلاع دی ہے جبکہ اس مہلک وائرس کا شکار سات مریض چل بسے ہیں اور 239 صحت یاب ہوگئے ہیں۔

سعودی عرب میں کروناوائرس کی وَبا پھیلنے کے بعد حکام نے 382059 کیسوں کی تصدیق کی ہے۔ان میں 372456 صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ 6563 وفات پاچکے ہیں۔