.

جدہ میں فارمولاون کار دوڑ کے لیے سب سے طویل اور تیزرفتارٹریک تیار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں فارمولا ون کار ریس کے لیے سب سے طویل اور تیز رفتار ٹریک بنایا گیا ہے۔اس پر 322 کلومیٹر فی گھنٹا کی رفتار سے کاریں چلائی جاسکیں گی اور اس کے سرکٹ پر 180 ڈگری کے زاویے سے موڑ کاٹے جاسکیں گے۔

جدہ میں اس سال دسمبر میں فارمولا ون کار ریس کے مقابلے منعقد کیے جارہے ہیں۔منتظمین کا کہنا ہے کہ 5 دسمبر کی رات جدہ کے علاقے کورنیش میں واقع ٹریک میں کار ریس منعقد ہوگی۔

جدہ کے ٹریک کی لمبائی 6۰175 کلومیٹر ہے۔یہ بیلجیئم کے ایس پی اے فرانکورچیمپس کے بعد دنیا میں دوسرا بڑا ٹریک ہے۔فارمولا ون کے لیے ٹریک کے 27 کونوں میں فلڈ لائٹس لگائی جائیں گی۔اس کے علاوہ بعض عام شاہراہیں بھی کار ریس کے لیے استعمال کی جائیں گی اور وہاں کاریں 252۰8 کلومیٹر فی گھنٹا کی رفتار سے دوڑ سکیں گی۔

جدہ کا ٹریک کاروں کی تیزرفتاری کے اعتبار سے اٹلی کے منزہ سرکٹ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے لیکن بالکل سیدھ میں رفتار کے مقابلے میں یہ برطانیہ کے سلور اسٹون سے آگے ہے۔

فارمولا ون موٹر سپورٹ کے مینجنگ ڈائریکٹر راس براؤن کا کہنا ہے کہ ’’ٹریک کے متوازی لے آؤٹ سے کاروں کے لیے ایک دوسرے کو اوور ٹیک کرنے کے وافر مواقع ہوں گے۔اس کے علاوہ وہ ایک دوسرے کے برابر برابر بھی تیزرفتاری سے دوڑ سکیں گی۔‘‘

ان کا کہنا ہے کہ ’’ہم مکی ماؤس کی طرح کے سرکٹ نہیں چاہتے ہیں اور نہ ماضی کی طرح سڑکوں والے کلاسیک سرکٹ چاہتے ہیں جہاں ڈرائیوروں کو 90 ڈگری کے زاویے سے گھومنا پڑتا ہے۔‘‘

ان کا کہنا ہے کہ ’’ہم اس طرح کے تیزرفتار سرکٹس چاہتے ہیں جو کار ڈرائیوروں کے لیے چیلنج بننے والے ہوں۔وہ ان کو یقینی طورپر پسند کریں گے۔‘‘

اس وقت اوسط رفتار کے لیے سب سے تیز رفتار اسٹریٹ سرکٹ آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں واقع البرٹ پارک ہے۔اس پر 237۰2 کلومیٹر فی گھنٹا کی رفتار سے کار دوڑائی جاسکتی ہے۔سب سے طویل آذر بائیجان کے دارالحکومت باکو میں ہے۔اس کا فاصلہ 6۰003 کلومیٹر ہے۔