یمن کے شہر تعز میں ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کی ایک جامعہ کی عمارت پر بمباری سے ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
یمنی وزیراطلاعات معمرالاریانی نے اتوار کو ٹویٹر پر اطلاع دی ہے کہ جامعہ تعز میں واقع فیکلٹی آف آرٹس کی عمارت میں بم دھماکا ہوا ہے۔انھوں نے اس حملے میں ایک شخص کی ہلاکت اور پانچ کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
انھوں نے تعز کے مشرق میں ایران کی حمایت یافتہ حوثی دہشت گرد ملیشیا کے کالج آف آرٹس اور اس سے متصل گارڈن سٹی پارک پرمارٹر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔اس دھماکے کے نتیجے میں عمارت کوبھی نقصان پہنچا ہے اور علاقے کے مکینوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔
یمنی وزیر اطلاعات نے عالمی برادری ، اقوام متحدہ اور اس کے یمن کے لیے خصوصی ایلچی مارٹن گریفتھس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حوثیوں کے اس جرم اور ملک کے دوسرے علاقوں میں شہریوں کو جان بوجھ کر ہلاک کرنے کی کارروائیوں، بین الاقوامی قوانین اور کنونشنوں کی ننگی خلاف ورزیوں کی مذمت کریں۔‘‘
انھوں نے اس واقعے کے ذمے داروں کے خلاف ہیگ میں قائم بین الاقوامی فوجداری عدالت میں جنگی جرائم کے الزامات میں مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا ہے۔