سعودی عرب:کووِڈ-19 کی ویکسین لگوانے والوں کی تعداد 30 لاکھ سے متجاوز

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی عرب میں کروناوائرس کی ویکسین لگوانے والوں کی تعداد 30 لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔

سعودی وزارت صحت نے سوموار کو ایک بیان میں کہا ہے کہ اب تک جن لوگوں نے کووِڈ-19 کی ویکسین لگوانے کے لیے اپنے ناموں کا اندراج کرایا ہے،ان میں سے 70 فی صد کو ایک یا دونوں انجیکشن لگائے جاچکے ہیں۔

Advertisement

سعودی وزارتِ صحت نے مملکت بھر میں ویکسین لگانے کے لیے 500 سے زیادہ مراکز قائم کیے ہیں تاکہ ویکسین کی ہرشہری اور مکین کے لیے دستیابی یقینی بنائی جاسکے۔ان مراکز میں تمام اہل افراد کو حکومت کی جانب سے مفت ویکسین لگائی جارہی ہے۔

سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے کہا ہے کہ اب تک ویکسینوں کے کوئی سنگین ضمنی اثرات سامنے نہیں آئے ہیں۔انھوں نے ان دعووں کی بھی تردید کی ہے جن میں یہ کہا گیا ہے کہ ویکسین لگوانے سے ایک شخص میں پیچیدگی پیدا ہوگئی تھی اور اس سے اس کی موت ہوئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ویکسین لگوانے والے لوگوں میں معمولی ضمنی اثرات سامنے آئے ہیں۔ان میں بخار، سردرد اور زکام ایسے معمولی امراض شامل ہیں۔البتہ اس سے کوئی سنگین ضمنی اثرات سامنے نہیں آئے۔

ان سے جب سوال کیا گیا کہ کیا مستقبل میں اُمید سے ہونے والی خواتین میں ویکسین کے اثرات مرتب ہوسکتے ہیں تو انھوں نے بتایا کہ ابھی ایسے کوئی اشارے نہیں ملے کہ ویکسین متوقع حاملہ خواتین پرکسی طرح اثرانداز ہوسکتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ تولیدی عمل سے گزرنے والی مائیں ویکسین لگوانے کی اہل ہیں۔البتہ ابھی تحقیق جاری ہے اور اس امر کا پتا چلایا جارہا ہے کہ آیا ویکسین حاملہ خواتین اور بچّوں کے لیے محفوظ ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں منظور شدہ کسی ویکسین کے استعمال سے خون کے دھبّے نہیں بنے ہیں۔

واضح رہے کہ بعض یورپی ممالک نے برطانوی کمپنی آسٹرازینیکا کی ویکسین کا استعمال عارضی طور پر روک دیا ہے۔ انھوں نے یہ فیصلہ ویکسین لگوانے والے بعض اشخاص میں خون کے دھبّے بننے کی رپورٹس کے بعد کیا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے ویکسین سیفٹی پینل نے جمعہ کو ایک بیان میں کہا تھا کہ آسٹرازینیکا کی ویکسین لگوانے والے افراد کے دستیاب ڈیٹا میں مجموعی طور پر خون کے دھبّوں میں اضافے کی نشان دہی نہیں ہوئی ہے لیکن وہ بدستور اس ویکسین کے کسی قسم کے ضمنی اثرات کی نگرانی جاری رکھے گا۔

ڈاکٹر محمدالعبدالعالی نے واضح کیا کہ حکام نے ابھی تک ویکسین نہ لگوانے والے افراد پر عمرے یا سفر کی پابندی عاید نہیں کی ہے۔تاہم انھوں نے تمام لوگوں پر زوردیا ہے کہ وہ کرونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے ویکسین لگوائیں،بالخصوص جو افراد لوگوں کے ہجوم یااجتماعات میں اپنا زیادہ وقت گزارتے ہیں،انھیں ضرور ویکسین لگوالینی چاہیے۔

مقبول خبریں اہم خبریں