.

یواے ای: کووِڈ-19 کی ویکسین نہ لگوانے والے ملازمین کا ہردوہفتے بعدپی سی آرٹیسٹ ہوگا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب امارات میں پانچ کاروباری شعبوں میں کام کرنے والے ملازمین کا کووِڈ-19 کی ویکسین نہ لگوانے کی صورت میں ہر دو ہفتے کے بعد پی سی آر ٹیسٹ ہوگا۔

یو اے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق ہوٹلوں ، ریستورانوں، ٹرانسپورٹ ، صحت اور سماجی شعبے میں کام کرنے والے ملازمین نے اگر ویکسین کے دونوں ٹیکے نہیں لگوائے تو انھیں پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا۔ان کے علاوہ لانڈری ،بیوٹی سیلونز اور حجام کی دکانوں میں کام کرنے والے افراد کو بھی اپنے اپنے ٹیسٹ کرانا ہوں گے۔

وزارت برائے انسانی وسائل اورامارتیانے نے قومی ایمرجنسی کرائسیس اورڈیزاسسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این سیما) کے ساتھ رابطے کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے تاکہ ملک میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔

وزیر برائے انسانی وسائل نصر بن ثانی الحملی نے ایک سرکلر میں کہا ہے کہ ’’ان نئے قواعد وضوابط کا مقصد کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنا،ملازمین کی صحت کو محفوظ رکھنا اور کام کے ماحول کو صاف رکھنا ہے۔‘‘

وام کے مطابق وزارت نے نجی اداروں پر زوردیا ہے کہ وہ اپنے ملازمین کی ویکسین لگوانے کے لیے حوصلہ افزائی کریں اور اپنے ملازمین کی ویکسین تک رسائی کو یقینی بنانے کے لیے مجاز حکام سے رابطہ کریں۔

اماراتی وزارتِ صحت کے زیر انتظام 22 مارچ تک ملک بھر میں کرونا وائرس کے 7373725 انجکیشن لگائے جاچکے ہیں۔وزارت معاشرے کے ہرفرد کو کرونا وائرس کی ویکسین لگانا چاہتی ہےتاکہ ان میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے قوتِ مدافعت پیدا کی جاسکے۔

یواے ای میں اب تک کرونا وائرس کے 442226 کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ان میں سے 1455 مریض وفات پا چکے ہیں جبکہ 424840 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔