.

امارت أم القیوین میں ایک شخص کے ڈوبنے کے بعد یو اے ای میں پیراکوں کواحتیاط کی ہدایت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب امارات میں حکام نے پیراکوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ سمندر میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔انھوں نے یہ انتباہ امارت ام القیوین میں ایک نوجوان کی ڈوبنے سے موت کے بعد جاری کیا ہے۔اس نوجوان کی تین روز کے بعد بدھ کو نعش ملی ہے۔

ام القیوین کے پولیس سربراہ شیخ راشد بن احمد المعلا نے فیس بُک پر ایک پوسٹ میں عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ حفاظتی تدابیر اختیار کریں اور خود کو غیرمحفوظ صورت حال کا شکار ہونے سے بچائیں۔

مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے چار افراد گذشتہ اتوار کو سمندر میں پیراکی کے دوران میں مشکل صورت حال سے دوچار ہوگئے تھے۔ان کی مدد کو ایمرجنسی سروسز کو طلب کیا گیا تھا۔

امدادی ٹیموں نے ان میں سے دو افراد کو باحفاظت سمندر سے نکال لیا تھا،ایک کو فوری طبّی امداد کے لیے ام القیوین شہر میں ایک اسپتال میں منتقل کیا گیا تھا اور ایک سمندر میں لاپتا ہوگیا تھا۔امارت کی مختلف محکموں پرمشتمل امدادی ٹیموں نے آج اس کی لاش سمندر سے برآمد کرلی ہے۔