.

سعودی حکومت ایڈلمین کی 2021ء کی اعتمادبیرومیٹر رپورٹ میں سرفہرست 

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کی حکومت نے مسلسل دوسرے سال دنیا کی قابل اعتبارحکومتوں میں سرفہرست ہونے کا اعزاز برقرار رکھا ہے اور وہ ایڈلمین کی 2021ء کی اعتماد بیرومیٹر رپورٹ میں چین کے ساتھ سرفہرست رہی ہے۔

اس رپورٹ میں دنیا کے 28 ممالک کی حکومتوں کو شامل کیا گیا ہے۔جنوری 2020ء سعودی حکومت کی کارکردگی پر اعتماد کی سطح 78 فی صد تھی،جنوری 2021ء میں اس اعتماد کی شرح میں 4 فی صد اضافہ ہواہے اوریہ 82 فی صد ہوگئی ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے ساتھ چین کی حکومت بھی 82 فی صد پوائنٹس حاصل کرکے پہلے نمبر پرہے جبکہ متحدہ عرب امارات 80 فی صد پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

2021ء میں ایڈلیمن نے اپنے ٹرسٹ بیرومیٹر سروے کی اکیسویں سالانہ رپورٹ جاری کی ہے۔اس کی تیاری کے لیے ایڈلمین ڈیٹا اور انٹیلی جنس نے 28 مارکیٹوں میں 33 ہزار افراد سے سروے کیا ہے۔اس سال اس فہرست میں افریقی ملک نائجیریا کو پہلی مرتبہ شامل کیا گیا ہے۔

مملکت سعودی عرب کی حکومت نے رواں صدی میں دنیا کو درپیش کروناوائرس کی سب سے بڑی وَبا سے نمٹنے کے لیے بروقت اورمؤثر اقدامات کیے ہیں اور اس بنا پراس نے بین الاقوامی سطح پر سب سے اعلیٰ درجہ حاصل کیا ہے۔وہ ملک میں تمام شہریوں اور مکینوں کوبلاتفریق کووِڈ-19 کی ویکسین مفت مہیا کررہی ہے۔اس کے علاوہ اس نے کووِڈ-19 کے علاج کی دریافت، ویکسین کی تیاری اور طبی تحقیق کے لیے بھی مالی اعانت مہیّا کی ہے۔