.

ابوظبی کی نئی فضائی کمپنی وِزائیر2021 میں 10 لاکھ مسافر اٹھائے گی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ابوظبی کی نئی فضائی کمپنی وِزائیر نے اپنی سروس کے آغاز کے پہلے سال میں 10 لاکھ مسافروں کو اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔

اس نئی فضائی کمپنی کے مینجنگ ڈائریکٹر قیس وان شائق نے العربیہ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ’’وِزائیرابوظبی گیارہ ممالک کے 13 مقامات کے لیے پروازیں چلائے گی لیکن اس کا انحصار کروناوائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے عاید کردہ پابندیوں کے خاتمے سے ہے۔‘‘

وِزائیرابوظبی اے ڈی کیو اور وِزائیر ہولڈنگز کا مشترکہ منصوبہ ہے۔یہ جنوری میں قائم کی گئی تھی۔وان شائق کے بہ قول کروناوائرس کی وَبا کے دوران میں ایک نئی فضائی کمپنی کا قیام ایک منفرد آئیڈیا تھا کیونکہ اس مہلک وبا کے تعلق سےعایدکردہ پابندیوں کے نتیجے میں شہری ہوابازی کی صنعت سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے۔

تاہم ان کا کہنا ہے کہ بحرانی صورت حال میں بالعموم بعض نئے اورغیرمتوقع مواقع پیدا ہوتے ہیں۔اس لیے ان حالات میں بعض دلیرانہ اقدامات کیے جانے چاہییں۔

انھوں نے بتایا کہ ’’اس سال جنوری میں ہم نے وِزائیرابوظبی کی ایتھنز کے لیے پہلی پرواز چلائی تھی۔یہ بہت سے لوگوں کے لیے ایک حیران کن تجربہ ہوگا کہ معاشی مشکلات کے دور میں ایک نئی فضائی کمپنی اپنی سروس شروع کررہی ہے۔‘‘

ان کا کہنا تھا کہ ’’یو اے ای میں فی کس ویکسین لگانے کی زیادہ شرح سے ملک میں فضائی ٹریول بھی تیزرفتاری سے بحال ہوگی۔صارفین بہت مؤثر،محفوظ ،کسی رکاوٹ کے بغیر کم لاگت سفری تجربہ چاہتے ہیں۔جب ہم نے وِزائیر ابوظبی قائم کی تھی تو یہ تمام باتیں ہمارے ذہن میں تھیں۔‘‘

وِزائیرابوظبی نے ابتدائی طور پر ایتھنز ، تھیسالونیکی ،اسکندریہ (یونان)، کوتیسی ، لارناکا ،اوڑیسہ، یروان اور مصر کے شہر اسکندریہ کے لیے پروازیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔