.

سعودی عرب کااوپیک پلس کی یومیہ تیل پیداوارمیں کٹوتی برقرار رکھنے پر زور

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے وزیرتوانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا ہے کہ تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک اور روس کی قیادت میں غیراوپیک ممالک نے محتاط طرزعمل اختیار کیا ہے لیکن ابھی مارکیٹ کی بحالی مکمل نہیں ہوئی ہے اور اس میں وقت لگے گا۔

شہزادہ عبدالعزیز نے جمعرات کو اوپیک پلس کے اجلاس میں کہا ہے کہ ’’گذشتہ ماہ ہم نے محتاط طرزعمل اختیار کرنے اور ضبط وتحمل کی حکمت عملی اپنانے پر زوردیا تھا۔خوش قسمتی سے بعد میں رونما ہونے والے واقعات نے ہمیں درست ثابت کیا ہے۔‘‘

انھوں نے اپنے افتتاحی کلمات میں کہا کہ’’مارکیٹ کو اب اس حقیقت کا احساس ہورہا ہے کہ اوپیک پلس کا محتاط طرزعمل ایک درست لائحہ عمل تھا۔اب یہ حقیقت بدستور موجود ہے اور عالمی تصویر بھی اس کی عکاسی کرتی ہے کہ مارکیٹ کی بحالی ابھی کوسوں دور ہے۔‘‘