اقوام متحدہ کے زیر انتظام جنوبی سربیائی ملک کوسووو کی پارلیمنٹ نے 38 سالہ وکیل اور سیاسی رہنما وییوسا عثمانی [Vjosa Osmani] کو ملک کا نیا صدر منتخب کر لیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق گذشتہ برس نومبر میں صدر ہاشم تھاچی کے سبکدوش ہو جانے کے بعد کوسووو کی پارلیمنٹ نے اصلاح پسند خاتون سیاسی رہنما اور سابق اسپیکر اسمبلی وییوسا عثمانی کو نیا صدر منتخب کر لیا ہے۔
پارلیمنٹ میں وییوسا عثمانی کو وزیر اعظم البین کورتی اور ان کی جماعت کی حمایت کے باعث 71 ووٹ ملے جب کہ دو اپوزیشن جماعتوں اور ایک سربیا کی نسلی چھوٹی جماعت نے بائیکاٹ کیا تھا جس کی وجہ سے 120 کے پارلیمان میں 82 ارکان ووٹنگ کے وقت موجود تھے۔
وییوسا عثمانی کوسووو کی منتخب ہونے والی پہلی خاتون صدر نہیں اس سے قبل عاطفہ یحی آغا 2011 سے 2016 کے درمیان ملک کی صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکی ہیں۔
واضح رہے کہ سابق صدر ہاشم تھاچی نے جنگی جرائم کے الزامات عائد کیے جانے کے بعد گذشتہ برس نومبر میں اپنے عہدے سے استعفی دینے پر مجبور ہو گئے تھے جس کے بعد سے یہ عہدہ خالی پڑا تھا۔