الریاض میں ریٹیلرجی ایم گروپ کے صدردفاترقائم ؛1200نئے ملازمین بھرتی کرے گا
خطۂ خلیج کی بڑی علاقائی ریٹیل کمپنی گلف مارکیٹنگ گروپ (جی ایم جی) نے سعودی عرب میں مزید سرمایہ کاری کرنے اور دارالحکومت الریاض میں نیا صدردفتر کھولنے کا اعلان کیا ہے۔
اس کمپنی کے ڈپٹی چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر(سی ای او) محمد اے بکر نے العربیہ سے خصوصی انٹرویو میں بتایا ہے کہ ’’وہ سعودی عرب میں اپنی موجودہ افرادی قوت کو دُگنا کرنا چاہتے ہیں۔اس وقت مملکت میں 1200 ملازمین کام کررہے ہیں اور توسیعی منصوبہ کے تحت ان کی تعداد بڑھا کر 2400 کی جارہی ہے۔‘‘
جی ایم جی کا سعودی عرب بھر میں دکانوں کا وسیع نیٹ ورک موجود ہے اور اس وقت اس کی 90 دکانیں کام کررہی ہیں۔ان میں’’سن اور اسپورٹس چین‘‘ بھی شامل ہے۔ مشرق اوسط میں کھیلوں کا سامان فروخت کرنے والی یہ سب سے بڑی دکان ہے۔اس کے علاوہ جی ایم جی نائیکے ، کولمبیا ، وینس اور دوسرے عالمی برانڈز کا بھی تقسیم کار ہے۔
جی ایم جی سعودی حکومت کے فروری میں ایک اعلان کے بعد الریاض میں اپنا بڑا صدردفتر کھول رہا ہے۔ سعودی حکومت کے فیصلے کے تحت آیندہ صرف ان ہی کمپنیوں کو ٹھیکے دیے جائیں گے جن کے مملکت میں صدردفاتر قائم ہوں گے اور 2024ء کے بعد کسی ایسی غیرملکی کمپنی کے ساتھ کسی ٹھیکے پر دست خط نہیں کیے جائیں گے جس کے مملکت کے اندرصدر دفاتر نہیں ہوں گے۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے پیش کردہ ویژن 2030ء کے تحتاس اقدام کا مقصد بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو مملکت میں سرمایہ کاری کی جانب راغب کرنا ہے اور بہت سے کاروباروں کو سعودی رنگ دینا اور سعودی شہریوں کے لیے ملازمتوں کے مزید مواقع پیدا کرنا ہے۔
سی ای او بکر کا کہنا ہے کہ جی ایم جی کھیلوں کے سامان کی فروخت کے کاروبار میں مزید توسیع کررہی ہے۔اس نے الریاض کے نواح میں حال ہی میں 23 ہزار مربع میٹر کے رقبہ پر ایک بہت بڑا گودام قائم کیا ہے۔جدہ میں بڑے گودام اور دفاتراس کےعلاوہ ہے۔
انھوں نے العربیہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ’’ سعودی عرب ایک بہت اہم مارکیٹ ہے اور وہ تیزی سے ترقی کرتی معیشت ہے۔یہاں کھیلوں کی بہت قدر کی جاتی ہے۔ جی ایم جی گذشتہ 15 سال سے یہاں کام کررہا ہے۔اس کے علاوہ سعودی عرب کاروبار کے لیے بھی ایک اہم ملک ہے اور ہمارے لیے ہمیشہ یہ ایک بڑی مارکیٹ رہا ہے۔اب الریاض میں علاقائی دفتر کے قیام سے ہمارے کمپنی کی بِکری میں مزید اضافہ ہوگا۔‘‘
ان کا کہنا تھا کہ ’’سعودی عرب میں نئے اسٹور کھولنے اور گودام بنانے کے علاوہ مقامی کمپنیوں سے بھی کاروباری شراکت داری میں اضافہ کیا جائے گا۔نئے اسٹوروں میں کھیلوں کے سامان کے علاوہ خوراک اور صحت عامہ کی اشیاء مہیا کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔‘‘
کمپنی بعد از کووِڈ-19تبدیل شدہ کاروباری ماحول میں اپنی آن لائن خدمات کو بھی فروغ دے رہی ہے اور شہریوں کوان کی اقامتی گاہوں یا دفاتر میں موبائل چیک آؤٹس کی صورت میں اشیاء مہیا کی جارہی ہیں۔