.

لیبیا کے وزیراعظم خلیجی دورے کے دوران سعودی عرب پہنچ گئے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

لیبیا میں حال ہی میں تشکیل پانے والی مخلوط قومی حکومت کے سربراہ عبدالحمید الدبیبہ خلیجی ممالک کے سرکاری دورے کے دوران کل جمعرات کو سعودی عرب پہنچ گئے۔ وزیراعظم عبدالحمید الدبیبہ نے اپنے خلیجی دورے کا آغاز کویت سے کیا تھا جس کے بعد وہ متحدہ عرب امارات کے بعد سعودی عرب پہنچے ہیں۔

ان کے اس دورے کا مقصد خلیجی ممالک کی قیادت کو لیبیا کی موجودہ صورت حال سے آگاہ کرنا اور لیبیا میں آئندہ عبوری مرحلے کے لیے ہونے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔

لیبیا کے ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیراعظم الدبیبہ خلیجی ممالک کے لیبیا کے حوالے سے موقف کو متحد کرنا اور تمام خلیجی ممالک کے ساتھ یکساں تعلقات کے قیام کو فروغ دینا ہے۔

خیال رہے کہ لیبیا کی قومی حکومت کے وزیراعظم عبدالحمید الدبیبہ نے اپنے دورہ امارات کے دوران ابو ظبی کے ولی عہد الشیخ محمد بن زاید سے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات میں الشیخ بن زاید نے انہیں یقین دلایا کہ امارات لیبی قوم کے ساتھ ہے۔

عبدالحمید الدبیبہ اور امارات کے ولی عہد کے درمیان ہونے والی بات چیت میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے اور ترقی، سرمایہ کاری، اقتصادی اور سیکیورٹی کے شعبوں میں شراکت کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔