.

مائیک پومپیو بطور "معاون" فوکس نیوز نیٹ ورک میں شامل

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

معروف امریکی چینل Fox Newsنے جمعرات کے روز بتایا ہے کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے چینل کے نیٹ ورک میں بطور "معاون" شمولیت اختیار کر لی ہے۔

اس سلسلے میں پومپیو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ "میں ناظرین کے سامنے جیو پولیٹیکل صورت حال، بین الاقوامی تعلقات اور 'سب سے پہلے امریکا' جیسی پالیسی کے حوالے سے صریح اور براہ راست نقطہ نظر پیش کروں گا۔ اس پالیسی نے امریکا میں امن و امان کی غیر معمولی بہتری کو یقینی بنایا"۔

فوکس نیوز کی سربراہ سوزان اسکوٹ نے باور کرایا ہے کہ "مائیک پومپیو کا شمار خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کے امور سے متعلق سیاست کے حوالے سے سب سے زیادہ مشہور اور قابل احترام آوازوں میں ہوتا ہے"۔

پومپیو کو اپریل 2018ء میں ریکس ٹیلرسن کی جگہ امریکا کا وزیر خارجہ مقرر کیا گیا تھا۔ وہ جنوری 2021ء میں ڈونلڈ ٹرمپ کی مدت صدارت ختم ہونے تک اپنے منصب پر فائز رہے۔

اس سے قبل پومپیو امریکی مرکزی انٹیلی جنس ایجنسی CIA کے ڈائریکٹر تھے۔

کچھ عرصہ قبل مائیک پومپیو اس مطالبے میں شامل ہو گئے جس میں زور دیا جا رہا ہے کہ امریکا 2022ء میں بیجنگ میں ہونے والے سرمائی اولمپکس کھیلوں کا بائیکاٹ کرے۔ پومپیو ان شخصیات میں بھی شامل ہیں جنہوں نے کرونا وائرس کے جنم لینے کی جگہ کے حوالے سے ماہرین کی رپورٹ پر نکتہ چینی کی۔ ان شخصیات کا خیال ہے کہ یہ رپورٹ عالمی ادارہ صحت WHO اور سینی کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے "گمراہ کن مہم: کا ایک حصہ ہے۔

پومپیو آخری وقت تک سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے وفادار رہے۔

فوکس نیوز نے ٹرمپ کی قریبی دیگر شخصیات کو بھی اپنے نیٹ ورک میں مقرر کیا ہے۔ ان میں ٹرمپ کی بہو اور ان کی انتخابی مہم کی مشیر لارا ٹرمپ اور وائٹ ہاؤس میں سابق خاتون پریس ایڈوائزر کیلی مکنینی بھی شامل ہیں۔