.

امریکی گلوکارہ علیسیا کیزکا العُلا میں طالبات کے اسکول میں فن کا مظاہرہ: ویڈیو 

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی گلوکارہ علیسیا کیز نے سعودی عرب کے تاریخی شہرالعُلاء میں واقع طالبات کے ایک اسکول میں اپنے فن کا جادو جگایا ہے۔ ان کے فنی مظاہرے کی ویڈیوز سعودی عرب کے وزیرثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان آل سعودنے سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں۔

ان ویڈیوز کے مطابق گرامی ایوارڈ یافتہ گلوکارہ نے سعودی طالبات کے اسکول میں اپنے دو مشہور گانے’’گرل آن فائر‘‘ اور فالین گائے ہیں۔ان کے اردگرد طالبات کھڑی نظر آرہی ہیں اور وہ اپنے موبائل فونز پر ان لمحات کو ریکارڈ کررہی ہیں۔

علیسیاکیز اس سے پہلے بھی سعودی عرب آچکی ہیں۔ 2019ء میں انھوں نے دارالحکومت الریاض میں منعقدہ موسیقی میلے میں شرکت کی تھی اور اپنے فن کا جادوجگایا تھا۔

ان کی یہ حالیہ ویڈیوز تین روز قبل ٹویٹر پر پوسٹ کی گئی تھیں لیکن ان سے یہ واضح نہیں ہوتا کہ وہ کب سعودی عرب کے تاریخی شہر العلا میں تھیں لیکن یہ خیال کیا جاتا ہے کہ وہ حال ہی میں اطالوی فن کار آندریا بوسیلی کی تاریخی شہر میں آمد کے وقت وہیں تھیں اور انھوں نے طالبات کے اسکول میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا ہے۔

بوسیلی نے گذشتہ جمعرات کو یونیسکوکے عالمی ورثہ کی جگہ حجرہ میں اپنے خاندان کے افراد کے ساتھ فن کا مظاہرہ کیا تھا۔

صدیوں قدیم العُلا میں بہت سے قدیم تاریخی آثار پائے جاتے ہیں۔اس کا رقبہ یورپی ملک بیلجیئم کے برابر ہے۔یہاں نبطیہ کے مقبرے ، سنگ تراشی کے عظیم نمونے اوردوسرے قدیم تاریخی آثار موجود ہیں۔اس کو ویژن 2030ء کے تحت ترقی دی جارہی ہے۔اس سے العلا کو سعودی عرب کی سیاحت میں اہم مقام حاصل ہوگا۔

سعودی حکومت نے مملکت میں سیاحت کے فروغ کے لیے 2019ء میں سیاحتی ویزوں کا اجرا شروع کیا تھا لیکن گذشتہ ایک سال سےکروناوائرس کی وبا کے پیش نظر عام سیاحتی ویزے بند ہیں۔