.

سعودی عرب:مسلسل دوسرے روزکووِڈ-19 کےکیسوں کی تعداد ایک ہزار سے متجاوز

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں مسلسل دوسرے روز کروناوائرس کے ایک ہزار سے زیادہ کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔وزارتِ صحت نے بدھ کے روز 1028نئے کیسوں کی تشخیص کی اطلاع دی ہے جبکہ پہلے سے کووِڈ-19 کا شکار 12 مریض چل بسے ہیں۔

گذشتہ 24 گھنٹے میں دارالحکومت الریاض میں آج بھی سب سے زیادہ 431 کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں ۔مکہ مکرمہ میں 220 اورمنطقہ شرقی میں 157نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔

وزارتِ صحت کے مطابق 21 اپریل کو مملکت میں کروناوائرس کے کل کیسوں کی تعداد 408038 ہوگئی ہے۔ان میں سے 6858 مریض وفات پاچکے ہیں۔حالیہ دنوں میں کووِڈ-19 کا شکار ہونے والے مزید 824 مریض تن درست ہوگئے ہیں اور اب صحت یاب ہونے والے کل کیسوں کی تعداد 391362 ہوگئی ہے۔

سعودی حکام کا کہنا ہے کہ لوگ کروناوائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر کو نظرانداز کررہے ہیں۔اس وجہ سے یومیہ کیسوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔وزارت داخلہ نے خبردارکیا ہے کہ اگر لوگوں نے خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری رکھاتولاک ڈاؤن اور شہروں کی بندش سمیت دوبارہ سخت پابندیاں عاید کی جاسکتی ہیں۔

وزارت داخلہ کے ترجمان طلال الشلہوب کا کہنا ہے کہ ’’حکومت کے صحتِ عامہ کے تحفظ کے لیے اقدامات اور متعلقہ حکام کی جانب سے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے متعلق انتباہوں کے باوجود ہم ایسے لوگوں کو دیکھ رہے ہیں جو ان احتیاطی تدابیر کی پاسداری نہیں کررہے ہیں۔‘‘

واضح رہے کہ سعودی عرب میں جنوری میں کرونا وائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد ایک سو سے بھی کم رہ گئی تھی جبکہ جون 2020ء میں سب سے زیادہ یومیہ کیس ریکارڈ کیے گئے تھے اور تب ایک دن میں تشخیص شدہ کیسوں کی تعداد چار ہزار سے بڑھ گئی تھی لیکن گذشتہ دو ماہ کے دوران میں کووِڈ کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں پھر سے اضافہ ہوگیا ہے اوراب یومیہ کیسوں کی تعداد ایک ہزار سے متجاوز ہوگئی ہے۔

سعودی وزارت صحت نے منگل کے روز کہا تھاکہ نئے تشخیص شدہ کیسوں میں 55 فی صد خواتین ہیں۔اس نے لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ چہرے پر ماسک پہن کررکھیں،باہمی میل جول میں فاصلہ برقرار رکھیں اورکووِڈ-19 کی ویکسین کے انجیکشن لگوائیں تاکہ اس مہلک وائرس کو مملکت میں دوبارہ پھیلنے سے روکا جاسکے۔