.

سعودی عرب:مئی میں پروازوں کی بحالی؛20 ممالک پر پابندی برقراررہے گی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی نے 17 مئی کو بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کا اعلان کیا ہےمگر اس نے ایک مرتبہ پھرواضح کیا ہے کہ پاکستان سمیت 20 ممالک سے تعلق رکھنے والے مسافروں کے سعودی عرب میں داخلے پر پابندی برقرار رہے گی۔

سعودی وزارتِ داخلہ نے 3 فروری کو کرونا وائرس کوپھیلنے سے روکنے کے لیے متحدہ عرب امارات، مصر، لبنان، پاکستان، بھارت ،انڈونیشیا ،جاپان ، ترکی، جرمنی، ارجنٹینا،امریکا،جنوبی افریقا،سویڈن،فرانس، سوئٹزرلینڈ، برازیل ،پرتگال ،سویڈن،آئیرلینڈ اور اٹلی سے تعلق رکھنے والے مسافروں کے مملکت میں داخلے پر پابندی عاید کردی تھی۔

سعودی ائیرلائنز نے جمعرات کو ٹویٹر پر ایک شہری کے سوال کے جواب میں وضاحت کی ہے کہ مذکورہ ممالک سے تعلق رکھنے والے مسافروں پر پابندی قرار رہے گی جبکہ باقی ممالک کے لیے17 مئی سے بین الاقوامی پروازیں بحال کی جارہی ہیں۔

سعودی وزارت داخلہ کے اعلامیے کے مطابق فضائی سفر کے دوران میں ان 20ممالک میں سے گذرنے والے مسافروں کے داخلے پر پابندی رہے گی۔

سعودی وزیرداخلہ نے فروری میں جب پابندی عاید کی تھی تو ساتھ یہ بھی وضاحت جاری کی تھی کہ مذکورہ بالا ممالک سے آنے والے شہری، سفارت کار،شعبہ صحت سے وابستہ کارکنان اور ان کے خاندان اگر وہاں 14 روز تک مقیم رہے ہیں تومملکت میں داخلے کی صورت میں انھیں وزارت صحت کی نافذکردہ احتیاطی تدابیرکی پاسداری کرنا ہوگی اوروہ ان کی پاسداری کی صورت ہی میں داخل ہوسکتے ہیں۔‘‘

دریں اثناء سعودی عرب نے جمعرات کو کووِڈ-19 کے 1055 نئے کیسوں کی تصدیق کی اطلاع دی ہے۔گذشتہ 24 گھنٹے میں اس مہلک وائرس کا شکار11 مریض وفات پا گئے ہیں اور1086 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔وزارتِ صحت کے مطابق مملکت میں اس وقت کووِڈ-19 کے فعال کیسوں کی تعداد 9776 ہے۔ان میں 1182کی حالت تشویش ناک ہے۔