.

سعودی عرب :عالمی دفاعی شوکے مقام پر دوسرے مرحلے کی تعمیرات کا آغاز

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں آیندہ سال عالمی دفاعی شو کے انعقاد کے سلسلے میں دوسرے مرحلے کی تعمیرات کا آغاز کردیا گیا ہے۔اس مرحلے میں دارالحکومت الریاض کے نواح میں 8 لاکھ مربع کلومیٹرکے علاقے میں تعمیرات کی جارہی ہیں اوردفاعی نمائشوں کے لیے دنیا کا پہلا رن وے بنایا جارہا ہے۔

عالمی دفاعی شو (ورلڈ ڈیفنس شو) آیندہ سال 6سے 9مارچ تک الریاض میں منعقد ہوگا۔سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے ملٹری انڈسٹریز(جامی) کا کہنا ہے کہ اس شو سے مملکت کے عالمی دفاعی صنعت اور شراکت داروں کے ساتھ تعلقات کو مربوط اور مضبوط بنانےمیں مدد ملے گی۔

جامی کے مطابق اس شو سے سعودی عرب کو 2030ء تک اپنی دفاعی صنعت کو مقامی بنانے اوردفاع کی مد میں 50 فی صد اخراجات کو بچانے یا مملکت ہی میں صرف کرنے میں مدد ملے گی۔اس مقصد کے لیے دنیا کی دوسری حکومتوں اور دفاعی سازوسامان تیار کرنے والے اداروں کے ساتھ اشتراک عمل قائم کیا جائے گا۔

شو کی جگہ پر دوسرے مرحلے میں کام کے پہلے ہفتے کے دوران میں زمین کو ہموار کیا گیا ہے۔اس پر نمائش ہال،اس تک جانے والی شاہراہیں اور کاریں کھڑی کرنے کی جگہیں تعمیر کی جائیں گی۔

اس شو میں دنیا بھر سے دفاعی سازوسامان تیارکرنے والے 800 سے زیادہ اداروں ، کمپنیوں کے نمائش کنندگان کی شرکت متوقع ہے۔ان میں سعودی عرب کی 100 کے لگ بھگ مقامی دفاعی کمپنیاں بھی شامل ہوں گی۔دنیا بھر سے فوجی وفود اور دفاعی حکام اس نمائش کے مختلف پروگراموں میں حصہ لیں گے۔

شو کے منتظمین کے مطابق دومیں سے ایک نمائش ہال اس سال اکتوبر تک مکمل ہوجائے گا۔دسمبر2021ء تک دوسرا ہال بھی مکمل ہوجائے گا۔اس تک رسائی کے لیے ایک شاہراہ تعمیر کی جائے گی۔اس کے ساتھ برّی افواج کے حربی مظاہروں کےلیے مختص جگہ اور ایک صحن بھی تعمیر کیا جائے گا۔

تعمیرات کے پہلے مرحلے میں رن وے اوراس سے ملحقہ تمام جگہیں مکمل ہوچکی ہیں۔اس رن وے پر چارروزہ شو کے دوران میں جدید لڑاکا جیٹ اور فوجی طیارے اپنی اڑانوں کے مظاہرے کریں گے۔

عالمی دفاعی شو کے چیف ایگزیکٹوآفیسر (سی ای او) شئون اورمرود کا کہنا ہے کہ ’’شو میں دفاع کے پانچ پہلوؤں۔۔ بری،بحری ، فضائی ، سکیورٹی اور سیٹلائٹ پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔دفاعی ہتھیاروں ،سامان اور ٹیکنالوجیز کی نمائش کے علاوہ سیمی ناراور کانفرنسیں منعقد کی جائیں گی۔فوجی طیارے شو کے دوران میں اپنے فضائی کرتب دکھائیں گے۔‘‘

سعودی دارالحکومت میں یہ عالمی دفاعی شو ہر دو سال کے بعد منعقد ہوا کرے گا۔اس سے سعودی عرب کی دفاعی صنعت کو دنیا بھر میں دفاع اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ہونے والی جدّتوں اور پیش رفتوں کے شانہ بشانہ رکھنے میں مدد ملے گی۔