سعودی عرب کی وزارت ثقافت کے زیر اہتمام 'طائف گلاب میلے' کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ اس منفرد ثقافتی سرگرمی میں طائف سے تعلق رکھنے والے گلاب کے 26 کاشت کار حصہ لے رہے ہیں۔
گلاب میلے کی میزبانی کے لیے طائف گورنری میں مشہور 'ردف پارک' کا انتخاب کیا گیا ہے۔ طائف گلاب میلہ منگل 29 رمضان تک جاری رہے گا جس میں دیگر تفریحی سرگرمیاں بھی شامل ہیں۔ گلاب میلے میں طائف کی سرزمین پر کاشت ہونے والے مختلف قسموں اور رنگوں کے گلاب کی نمائش کے لیے پیش کرنے کا مقصد طائف میں پھولوں کی کاشت کو اجاگر کرنا اور اس کی تاریخی اہمیت کو فروغ دینا ہے۔ گلاب میلے کے آغاز سے قبل ہی وزارت ثقافت نے اس کے انعقاد کے لیے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر خصوصی حفاطتی اقدامات کا اعلان کیا تھا۔
یہ میلہ چار مختلف حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ان میں سے پہلا سائنسی ٹریک ہے جس میں "گلاب کا سفر" کے نام سے تعلیمی نمائش شروع کی گئی ہے۔ اس میں ثقافت کے رشتے اور اس خطے کی ثقافت پر گلاب کے اثرات کے بارے میں ایک معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔ اس سیکشن میں گلاب کو کشید کرنے، پھول توڑنے، اس کی کاشت اور اس سے بنائی جانے والی مصنوعات کی تیاری کے ساتھ ساتھ فوٹو گرافی اور دیگر سرگرمیاں شامل ہیں۔
تجارتی ٹریک میں 26 مختلف اقسام کی نمائش کی گئی ہے۔ گلاب میلے میں طائف گورنری سمیت ملک کے مختلف علاقوں سے شہریوں کی بڑی تعداد اسے دیکھنے آتی ہے۔ سیاح اور فوٹو گرافر بھی میلے میں پہنچ کر لطف اندوز ہو رہے ہیں۔