.

مدینہ منورہ کے روزہ داروں کی مرغوب روٹی'شریک' کے بارے میں آپ کیا جانتے ہیں؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مدینہ منورہ کے باسی مسلمانوں کے لیے مقدس ماہ صیام کی آمد کے موقع پر ایک روٹی کو بھی خاص نسبت حاصل ہے۔ مقامی لوگ اسے 'الشریک' کا نام دیتے ہیں۔

ماہ صیام میں عصر کے بعد بالخصوص افطاری سے کچھ قبل 'الشریک' خریدنے کے لیے نان بائیوں کی دکانوں پر شہریوں کا رش بڑھ جاتا ہے۔'الشریک' کو رمضان بالخصوص افطار کے وقت کی مرغوب اور پسندیدہ غذا قرار دیا جاتا ہے۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ 'الشریک' کے حصول کے لیے آپ مدینہ منورہ کے لوگوں کو افطاری سے قبل لائنوں میں کھڑا دیکھیں گے۔ بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ 'الشریک' کے بغیر افطار دستر خوان ادھورا رہتا ہے۔

مدینہ منورہ کی تاریخ پر گہری نظر رکھنے والے انجینئر حسان طاھر نے 'العربیہ ڈاٹ نیٹ' سے بات کرتے ہوئےکہا کہ 'الشریک' جیسی روٹی کو رمضان المبارک سے خاص نسبت ہے۔ اس کی اپنی ایک خاص پہچان، ذائقہ اور تاثیر ہے جس کی وجہ سے اسے ماہ صیام میں روزہ داروں کی پسندیدہ خوراک قرار دیا جاتا ہے۔

انھوں‌ نے مزید کہا کہ ’’الشریک‘‘ نامی روٹی دو طرح سے تیار کی جاتی ہے۔ ایک قسم کی روٹی کو مائیکرو ویو اون میں میں تیار کیا جاتا ہے۔ اس کے لیے آٹا، دودھ، ملائی اور دیگر چیزیں استعمال کی جاتی ہیں جب کہ دوسری قسم کی روٹی لکڑی کے چولہے یا کوئلوں پر تیار کی جاتی ہے۔

انجینئر حسان طاھر نے بتایا کہ مدینہ منورہ کے شہری زیادہ تر دودھ اور مکھن سے 'الشریک' پکاتے ہیں۔ اس کی شکل ڈونٹ سے ملتی ہے۔ گولائی شکل کی الشریک کے درمیان چھوٹا سوراخ ہوتا ہے جس میں دھاگا یا رسی گذار کر ایک سے زاید روٹیاں پارسل لے جائی کا سکتی ہیں۔