ایک مصری ٹرین ڈرائیور کی حاضر دماغی نے سیکڑوں مسافروں کو یقینی موت اور ایک بڑے انسانی المیے سے بچا لیا۔
تفصیل کے مطابق قاہرہ سے جنوبی مصر کے علاقے اسوان جانے والی ایک مسافر ٹرین 86 کے ڈرائیور نے دیکھا کہ ایک ٹریکٹر ریل کی پڑی پر پھنسا ہوا ہے اور اس کے پیچھے گنے سے لدی ایک ٹرالی بھی ہے۔ یہ ٹریکٹر کنکریٹ کی ایک رکاوٹ کے ساتھ پھنسا ہوا تھا جس کی وجہ سے وہ آگے یا پیچھے حرکت نہیں کر سکتا تھا۔ رفتار کم ہونے کی وجہ سے کپتان ٹرین کو روکنے میں کامیاب رہا۔ ٹریکٹر کو ٹریک سے ہٹانے تک ریل گاڑی روک دی گئی۔
مصر کے وزیر ٹرانسپورٹ کامل الوزیر نے ریلوے نظام کو ترقی دینے اور بار بار ہونے والے حادثات کو روکنے کے لیے مزید اقدامات کرنے پر زور دیا ہے۔ اس واقعے کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس پر شہریوں نے ٹرین کے کپتان کی بروقت ذمہ داری اور حاضر دماغی کی تحسین کی ہے۔
گذشتہ پیر کو مصری پارلیمنٹ میں اپنے خطاب میں انہوں نے ریلوے کی اراضی پر بنائی گئی غیر قانونی جایئدادیں اور تجاوزات کو ہٹانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ لڑکے ریلوے ٹریک پر کیل اور پتھر پھینکتے ہیں جو اکثر ریل گاڑیوں کے حادثات کا سبب بنتے ہیں۔ انہیں ایسا کرنے سے روکنے کی ضرورت ہے۔