یمن کے مشرقی صوبے المہرہ میں حکام نے منگل کے روز منشیات کی ایک کھیپ ضبط کرنے کا انکشاف کیا ہے۔ یہ گذشتہ دس برس کے دوران میں پکڑی جانے والی منشیات کی سب سے بڑی کھیپ ہے۔
المہرہ صوبے میں سیکورٹی اداروں نے ساحلی پولیس فورس کے ساتھ رابطہ کاری کے ذریعے المہرہ کے ساحل کے نزدیک ایک کشتی پر 3 ٹن منشیات قبضے میں لے لی۔ کشتی پر تین افراد سوار تھے۔ حشیش کی یہ مقدار الغیضہ ضلع میں حیفیف ساحل کے نزدیک ضبط کی گئی۔

یمن ک سرکاری خبر رساں ایجنسی نے سیکورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ قانونی کارروائی عمل میں لانے کے لیے اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔
المہرہ صوبے کے ساحلوں پر اس سے پہلے بھی کئی مرتبہ منشیات کی کھیپیں پکڑی جا چکی ہیں۔
یمن میں آئینی حکومت نے گذشتہ برس کے اختتام پر اعلان میں بتایا تھا کہ ساحلی پولیس فورس نے المہرہ صوبے میں ایک جہاز کو پکڑ لیا جس کے ذریعے منشیات کی بھاری مقدار اسمگل کی جا رہی تھی۔ جہاز پر چھ ایرانی اور ایک پاکستانی ماہی گیر سوار تھا۔

تلاشی پر سیکورٹی اداروں کو جہاز کے اندر سے 730 کلو گرام کے قریب حشیش ملی تھی۔ اس کے علاوہ مختلف نوعیت کی 216 کلو گرام منشیات کی کرسٹل گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔ حکام کے مطابق ضبط کی جانے والی منشیات کی مجموعی قیمت کا اندازہ تقریبا 66 لاکھ امریکی ڈالر لگایا گیا جو 4.5 ارب یمنی ریال بنتی ہے۔