.

وبا کے پیش نظر سعودی عرب میں تراویح اور قیام اللیل کو عشا کی ساتھ ادا کرنے کی ہدایت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کی وزارت مذہبی امور نے کرونا وبا کے خطرات کے پیش نظر ملک بھر کی تمام مساجد کے آئمہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ نماز تراویح اور تہجد کی نمازوں کو عشاء کی نماز کے ساتھ ادا کریں۔ تہجد یا قیام اللیل کو الگ سے ادا کرنے کی اجازت نہیں ہو گی اور قیام اللیل کی نماز 30 منٹ سے زیادہ کی نہیں ہونی چاہیے۔

سعودی عرب کے وزیر برائے مذہبی امور الشیخ ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے ٹویٹر بیان میں کہا ہے کہ وزارت صحت کی ہدایات کی روشنی میں ماہ صیام کے باقی ایام میں تراویح، رات کی عبادت اور تہجد کو ایک ساتھ ادا کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر صحت کی طرف سے ایک برقی پیغام ملا ہے جس میں ماہ صیام کے باقی ایام میں وبا کے پیش نظر عبادت کے اوقات کو محدود کرنے کا کہا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مملکت کی مساجد میں تراویح کے بعد قیام اللیل کی نماز تیس منٹ سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ وبا کی وجہ سے شہریوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ ماہ صیام کے بقیہ دنوں میں مساجد میں اجتماعی عبادت کو مختصر رکھیں تاکہ وبا کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔