سعودی عرب میں جنرل ڈائریکٹوریٹ برائے اسیران کے مطابق رواں سال یکم رمضان سے اب تک "فُرِجَت" کے نام سے جاری مہم کے دوران جمع ہونے والے عطیات کا حجم 12.3 کروڑ ریال سے تجاوز کر گیا۔ اس رقم سے غیر فوجداری نوعیت کے مالی مقدمات میں سزا یافتہ متعدد سعودی شہریوں اور غیر ملکی مقیمین نے استفادہ کیا۔
واضح رہے کہ "فرجت" کی خدمت کا آغاز تین برس قبل ہوا تھا۔ اس وقت سے لے کر اب تک اس کے تحت مجموعی طور پر 46 کروڑ ریال کے عطیات جمع ہوئے۔ اس دوران میں مذکورہ عطیات کی مدد سے 2163 سعودی شہریوں اور 975 غیر ملکی مقیمین کی رہائی عمل میں آئی۔
سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق جیلوں کے ڈائریکٹریٹ نے باور کرایا کہ "فرجت" کی خدمت اس حوالے سے امتیازی حیثیت رکھتی ہے کہ اس میں مالی مقدمات میں ملوث سعودی اور غیر سعودی دونوں طرح کے شہری شامل ہیں۔ اس سلسلے میں مدد کے خواہش مند افراد "أبشر" اور "أبشر أفراد" کی موبائل ایپلی کیشنوں کے ذریعے جیل ڈائریکٹریٹ کی خدمات کا انتخاب کر کے اپنے عطیات دے سکتے ہیں۔
جیل ڈائریکٹریٹ کے مطابق "فرجت" کو مقامی اور مقیمین عطیہ کنندگان کی جانب سے بڑے پیمانے پر توجہ حاصل ہوئی ہے۔ یہ ضرورت مندوں کے لیے عطیات دینے اور ان کے ساتھ کھڑے ہونے کے واسطے ایک محفوظ اور قابل اعتماد وسیلہ ہے۔