روس کے ایک سکول میں خون کی ہولی، 11 افراد مسلح افراد کی فائرنگ سے ہلاک
’’طاس‘‘ نیوز ایجنسی کے مطابق فائرنگ کرنے والوں کی شناخت معلوم نہیں ہو سکی
روسی خبر رساں اداروں کے مطابق وسطی روس کے علاقے قازان کے ایک سکول میں فائرنگ کے واقعے میں کم سے کم 11 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
ماسکو سے ’’العربیہ‘‘ کے نامہ نگار کے مطابق سکول پر مسلح افراد کے حملے میں ہلاک ہونے والے 11 افراد میں 09 بچے تھے۔ اس واقعہ میں زخمی ہونے والے 16 افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
نامہ نگار کے مطابق دو طالب علموں کی موت فائرنگ کے بعد تیسری منزل سے کودنے سے ہوئی۔
خبر رساں ایجنسی ’’طاس‘‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق دو نامعلوم افراد نے سکول میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس میں بڑی تعداد میں لوگوں کے ہلاک وزخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
’’طاس‘‘ کے مطابق قازان شہر کے سکول میں زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی، جس کے بعد حکام نے مسلح شخص کو گرفتار کر لیا۔
ایک اور روسی خبر رساں ایجنسی ’’انٹر فیکس‘‘ نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ سکول میں فائرنگ دو حملہ آوروں نے کی، جن میں ایک سے متعلق خدشتہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ تاحال عمارت کے اندر موجود ہے۔