سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا،جمعرات کو عیدالفطر کا اعلان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی عرب میں شوال المکرم کا چاند نظر نہیں آیا ہے۔اس لیے اب عیدالفطر 13 مئی جمعرات کو ہوگی اور بدھ کو 30 رمضان ہے۔

الحرمین الشریفین نے منگل کی شب ٹویٹر پراطلاع دی ہے کہ سعودی عرب کی رؤیت ہلال کمیٹی کو جامعہ الجمعہ، تومیرکی رصدگاہ میں شوال المکرم کا چاند نظر نہیں آیا ہے۔

سعودی عرب کے شاہی دیوان نے مملکت کے تمام شہریوں سے کہا تھا کہ وہ شوال المکرم کا چاند دیکھیں اور جس شہری کو بھی چاند نظرآئے، وہ حکام کو اس کی اطلاع دے۔

دنیا بھر کے مسلمان اپنے مذہبی ایام منانے کے لیے قمری مہینوں کے آغاز پرانحصار کرتے ہیں۔قمری سال کے بارہ مہینوں میں 354 یا 355 دن ہوتے ہیں۔شوال المکرم کا چاند نظرآنے کی صورت میں رمضان المبارک کا اختتام ہوتا ہے اور دنیا بھر میں مسلمان مذہبی جوش وخروش کے ساتھ عیدالفطر مناتے ہیں۔

اس سال بھی کرونا وائرس کی وبا کے ساتھ عیدالفطرمنائی جارہی ہے۔اسلامی ممالک کی حکومتوں نے کووِڈ-19 کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مختلف قدغنیں عاید کردی ہیں اور عید کے اجتماعات ، لوگوں کے آپس میں معانقے اور گھلنے ملنے پر پابندی عاید کردی ہے۔

سعودی حکام نے عید الفطر سے قبل مملکت بھرمیں 20569 مساجد کے لیے نئی رہ نما ہدایات جاری کی ہیں اور ان مساجد کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ کروناوائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے ان پابندیوں کی پاسداری کی جائے۔

سعودی وزارت برائے اسلامی امور اور وقف نے اپنے رضاکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مساجد کے داخلی اور خارجی راستوں پر رش سے بچنے کے لیے عبادت گزاروں کی مدد ورہ نمائی کریں۔

مقبول خبریں اہم خبریں