.

فلسطینیوں کے خلاف قابض اسرائیل کے غیر قانونی ہتھکنڈوں کی مذمت کرتے ہیں: سعودی عرب

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ نے جمعہ کے روز ایک بیان میں کہا ہےکہ قابض اسرائیلی ریاست کی طرف سے مظلوم فلسطینیوں کے خلاف طاقت کے استعمال کے مکروہ ہتھکنڈوں کی مذمت کرتے ہیں۔

اپنے فلسطینی ہم منصب ریاض المالکی سے ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ قابض اسرائیلی ریاست کی فلسطینیوں کے خلاف غیرقانونی سرگرمیوں کا کوئی جواز نہیں۔ ہم اسرائیلی سرگرمیوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں مسترد کرتے ہیں اور فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ریاست کے غیرقانونی اقدامات فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں‌ نے کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں کے خلاف جارحانہ اقدامات بند کرے اور بین الاقوامی قوانین کا احترام کرتے ہوئے فلسطینیوں کو ان کے آئینی حقوق فراہم کرے۔

سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کا ملک قضیہ فلسطین کا جامع اور دیر پا حل تلاش کرنے کی کوششیں‌جاری رکھے گا۔ قضیہ فلسطین کے حل کے لیے عرب امن فارمولے اور عالمی قراردادوں کے مطابق سنہ 1967ء کی سرحدوں پر مشتمل آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام اور مشرقی بیت المقدس کو اس کا دارالحکومت تسلیم کرنا ضروری ہے۔

سعودی عرب کی طرف سے فلسطینیوں‌کے ساتھ اظہار یکجہتی کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہےجب دوسری طرف فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی حملوں میں اب تک ایک سو تیس فلسطینی شہید اور 900 زخمی ہوچکےہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں