.

وڈیو : تل ابیب میں پُل پر راکٹ لگنے سے آگ بھڑک اٹھی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

حالیہ چند گھنٹوں کے دوران میں سوشل میڈیا پر ایک وڈیو کلپ گردش میں آیا ہے جس میں تل ابیب کے ایک پُل پر آگ بھڑکی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ اس پُل کو غزہ میں فلسطینی گروپوں کی جانب سے داغا جانے والا ایک راکٹ آ کر لگا تھا۔

وڈیو کلپ میں پُل پر آگ کے شعلے اور دھواں اٹھتا دکھائی دے رہا ہے۔ دریں اثنا وڈیو بنانے والے شخص کے چلانے کی آواز بھی ریکارڈ ہوئی ہے۔

ادھر تل ابیب کے تمام علاقوں اور بن گوریون کے ہوائی اڈے میں خطرے کے سائرن بجائے گئے۔ یہ سائرن فلسطینی گروپوں کی جانب راکٹ حملے کے ساتھ ہی بجنا شروع ہو گئے۔

یاد رہے کہ اسرائیل نے بحالی امن کے تمام مطالبات کو مسترد کرتے ہوئے غزہ کی پٹی میں اپنے جارحانہ حملوں کو جاری رکھا ہوا ہے۔ اسرائیلی فوج کے سربراہ نے باور کرایا ہے کہ تل ابیب غزہ کی پٹی کے محاذ پر کئی روز تک لڑائی کے لیے تیار ہے۔

فلسطینی حکام کی جانب سے جمعے کی شب جاری اعداد و شمار کے مطابق غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں اب تک جاں بحق ہونے والے فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 145 ہو چکی ہے۔ ان میں 39 بچے اور کئی خواتین شامل ہیں۔ اس دوران 1100 کے قریب افراد زخمی بھی ہوئے۔

غزہ کی پٹی میں اسرائیلی سیکورٹی آپریشن چھٹے روز میں داخل ہو چکا ہے۔ اسرائیل نے ہفتے کے روز مزید جنگی عسکری آلات اور گاڑیاں غزہ کی پٹی کے ساتھ سرحد پر پہنچا دی ہیں۔ اس دوران شدید بم باری اور فضائی حملوں کا سلسلہ پھر سے شروع ہو گیا۔

اسرائیلی فوج کے اعلان کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران میں غزہ کی پٹی سے اسرائیل پر 278 راکٹ داغے گئے۔