.

حماس کے 40 زیرِ زمین ٹھکانوں پر بم باری کی ہے: اسرائیلی فوج

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فضائی حملے آج بدھ کے روز نویں روز میں داخل ہو چکے ہیں۔ اسرائیلی فوج کے اعلان کے مطابق اس نے تازہ ترین کارروائی میں غزہ پٹی کی جنوب میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے 40 زیر زمین ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔

اسی طرح فوج نے تصدیق کی ہے کہ حماس کے عسکری ونگ کے سربراہ محمد ضیف کو دو مرتبہ ہلاک کرنے کی کوشش کی جا چکی ہے۔

اسرائیلی فوج کے 52 جنگی طیاروں نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب غزہ کی پٹی میں خان یونس، رفح اور دیر البلح میں حماس کے ٹھکانوں پر بم باری کی۔ اس دوران میں رفح اور خان یونس میں حماس کے دو کمانڈروں کے گھروں کو تباہ کر دیا گیا۔ ان کے نام بالترتیب عطاء اللہ ابو السبح اور اسامہ الطبش ہیں۔

اس سے قبل اسرایلی میڈیا نے فوج کے سینئر ذمے داران کے حوالے سے بتایا تھا کہ انہوں نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ آئندہ گھنٹوں کے دوران میں حماس تنظیم کے سینئر ارکان کو نشانہ بنا کر ہلاک کرنے کی منظوری دے دے۔ ان ارکان میں حماس کے عسکری ونگ کے سربراہ محمد ضیف شامل ہیں۔

آج صبح اسرائیل نے غزہ کی پٹی پر مزید فضائی حملے کیے جب کہ فلسطینی گروپوں کی جانب سے راکٹوں کی نئی کھیپ اسرائیل کی سمت داغی گئی۔ بین الاقوامی مطالبات کے باوجود عنقریب فائر بندی کا کوئی امکان نظر نہیں آ رہا ہے۔