.

سعودی عرب: صحرائی ٹڈی تلف کرنے کے لیے 4 ہزار ہیکٹر زرعی اراضی پر اسپرے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں وزارت ماحولیات، پانی وزراعت کے انسداد ٹڈی مرکز کے ڈائریکٹر محمد الشمرانی نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا ہے کہ رواں مئی کے دوران صحرائی ٹڈی کی تلفی کے لیے قریبا چار ہزار ہیکٹر زرعی اراضی پر اسپرے کیا گیا ہے جس کے بعد اب تک مجموعی طور پر 56338 ہیکٹر رقبے پر اسپرے کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹڈی کی روک تھام کے لیے اسپرے کے حوالے سے 304 رپورٹس وزارت ماحولیات کو فراہم کی گئی ہیں۔ حائل کے علاقے میں 1255 ہیکٹر، مشرقی گورنری میں 650، القصیم میں 525، الریاض میں 270، الجوف میں 670، مدینہ منورہ میں 1300 ہیکٹر رقبے پر ٹڈی کش اسپرے کیا گیا۔

خیال رہے کہ انسداد ٹڈی مرکز ٹڈی کے بارے میں مزید معلومات جمع کرنے اور اس کی روک تھام کے لیے جامع منصوبے پرکام کررہا ہے۔ ٹڈی کے حملوں سے فصلوں کو پہنچنے والے نقصان کے ازالے، ٹڈی کے لشکر کی نگرانی، پڑوسی علاقوں میں موجودگی پر اس کے خلاف کارروائی اور روک تھام کے لیے جدید وسائل کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔

مرکز کی طرف سے ٹڈی کے خلاف کارروائی کے لیے مختلف علاقوں میں سروے کیے جاتے ہیں۔ ٹڈی کی روک تھام کے لیے تمام ضروری مادی، انسانی، انتظامی، سائنسی وسائل کو استعمال کرنے کے ساتھ خطرناک حشرات کی روک تھام کے لیے کسانوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔