جنوبی لبنان سے مغربی اسرائیل کے شہر الجلیل پر گذشتہ روز چار راکٹ داغے گئے۔ دوسری طرف اسرائیلی فوج نے جوابی کارروائی کی ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان افیحائی ادرعی نے 'ٹویٹر' پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ لبنان سے اسرائیل پر چار راکٹ داغے گئے۔ان میں سے ایک راکٹ کو اسرائیلی میزائل ڈیفنس سسٹم نے فضا ہی میں تباہ کردیا۔ ایک راکٹ ویران علاقے میں گرا جب کہ دو راکٹ سمندر میں گرے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے توپ خانے سے لبنان کے اندر مختلف اہداف پر گولہ باری کی ہے۔
اسرائیل کے عبرانی زبان میں نشریات پیش کرنے والے ٹی وی چینل 13 کے مطابق لبنان سے داغے راکٹوں سے حیفا اور عکا کو نشانہ بنایا گیا۔ مشرقی حیفا اور الجلیل میں خطرے کےسائرن بھی بجائے گئے ہیں۔
لبنان کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق نامعلوم افراد نے لبنان کی سرزمین سے اسرائیل پر راکٹ حملے کیے ہیں۔ نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ الناقورہ سے ایک گولہ داغا گیا تاہم اس کےنتیجے میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔
لبنان میں تعینات اقوام متحدہ کی امن فوج' یونیفل' نے ٹویٹر پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ عالمی فوج کے سربراہ نے فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا ہے۔