.

پولینڈ نیٹو اتحادی ترکی سے 24 مسلح ڈرونز خرید کرے گا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پولینڈ ترکی سے 24 مسلح ڈرونز خرید کرے گا۔وہ معاہدہ شمالی اوقیانوس کی تنظیم (نیٹو) میں شامل پہلا ملک ہے جو ترکی سے بغیرپائیلٹ مسلح طیارے خرید کرے گا۔

پولش وزیردفاع میرئیس بلاچزک نے ہفتے کے روز ایک بیان میں بتایا ہے کہ ترکی سے بیراختر ٹی بی 2 ڈرونز کی پہلی کھیپ آیندہ سال ملک میں پہنچے گی۔یہ ٹینک شکن میزائلوں/ پروجیکٹائل سے لیس ہوں گے۔اس کے علاوہ پولینڈ ترکی سے لاجیسٹکس اور تربیتی پیکج بھی وصول کرے گا۔

انھوں نے پولینڈ کے سرکاری ریڈیو کو بتایا ہے کہ ’’بیراختر ٹی بی 2 ڈرونز نے جنگوں میں اپنا مؤثر اور کارآمد ہونا ثابت کیا ہے۔‘‘ان کا مزید کہنا ہے کہ ان ڈرونز کی سروس ایک فوجی کمپنی کرے گی لیکن انھوں نے اس کی مزید وضاحت نہیں کی۔

ترکی سے ان ڈرونز کی خریداری کے کنٹریکٹ پرآیندہ ہفتے پولش صدرآندرزے ڈوڈے کے انقرہ کے دورے کے موقع پر دست خط کیے جائیں گے۔

انقرہ میں حکام کا کہنا ہے کہ ترکی اس وقت دنیا میں بغیرپائیلٹ طیارے تیار کرنے والا دنیا کا چوتھا بڑا ملک بن چکا ہے۔ترکی مختلف اقسام کا اسلحہ اور دفاعی سازوسامان تیار کرتا ہے۔صدر رجب طیب ایردوان کی ہدایت پر مغربی ہتھیاروں پر انحصار کم کرنے کے لیے ترکی نے دفاعی سازوسامان کی پیداوار بڑھا دی ہے۔

ترکی کی دفاعی ٹیکنالوجی کی کمپنی بیقار اب تک آذربائیجان ، قطر، یوکرین اور لیبیا کو بیراختر ٹی بی 2 مسلح ڈرونز فروخت کرچکی ہے۔صدرایردوآن نے مارچ میں کہا تھا کہ سعودی عرب نے بھی ان ڈرونز کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

واضح رہے کہ کینیڈا نے اپریل میں ترکی کو ڈرون ٹیکنالوجی برآمد کرنے سے متعلق اجازت نامہ کو منسوخ کردیا تھا۔اس نے یہ فیصلہ آذری فوج کی آرمینیا کے خلاف ناگورنوقراباخ کی لڑائی میں ان ڈرونز کے استعمال کے بعد کیا تھا۔کینیڈا نے جن آلات پر پابندی عاید کی تھی،ان میں بیقارمسلح ڈرونز کے کیمرا سسٹمز بھی شامل ہیں۔