ترکی بحرِمتوسط کے مشرقی حصے میں ڈرلنگ میں مزید توسیع کرے گا:وزیرتوانائی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

ترکی کے وزیرتوانائی فتح دنمیز نے کہا ہے کہ ان کا ملک مشرقی بحرمتوسط میں گیس کی تلاش کے لیے ڈرلنگ کے کام کو مزید توسیع دے گا۔

انھوں نے سوموارکو ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ترکی بحر متوسط کے مشرقی علاقے میں بور کے مزید آٹھ گہرے سوراخ کرچکا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں قدرتی گیس کی موجودگی کے آثار پائے جاتے ہیں لیکن ابھی تک اقتصادی طور پر اہمیت کی حامل کوئی نمایاں دریافت نہیں ہوئی ہے۔

Advertisement

انھوں نے ترکی کے الخبر ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہمارے ماہرین ہر ڈرلنگ کے بعد حاصل شدہ ڈیٹا کا ماضی کے سیسمک ڈیٹا سے موازنہ کرتے ہیں۔اب تک جس جگہ کھدائی سے گیس کے نکلنے کے آثار ظاہر ہوئے ہیں،وہاں مزید کھدائی کی جائے گی۔

ان کا کہناتھا کہ ’’اس کھدائی کے نتیجے میں کتنی پیداوارحاصل ہوگی،اس کے بارے میں تو وقت بتائے گا لیکن ہم پُرامید ہیں اورہم نے یہ اندازہ کیا ہے کہ گیس نکلنے کا امکان موجود ہے۔‘‘

ترکی اور یورپی یونین کے دو رکن ممالک یونان اور قبرص کے درمیان بحرمتوسط کے مشرقی علاقےمیں تیل اور گیس کی تلاش اور نکالنے کے تنازع پر کشیدگی پائی جاتی ہے۔ترکی اور یونان کی بحریہ کے درمیان گذشتہ سال اگست میں مسلح تصادم بھی ہوا تھا اور دونوں ملکوں کے جنگی بحری جہازبحرمتوسط میں آمنے سامنے آگئے تھے۔

واضح رہے کہ یورپی یونین کے لیڈروں نے 2016ء میں ترکی کے ساتھ تجارتی تعلقات کے فروغ کا وعدہ کیا تھا لیکن ساتھ ہی انھوں نے ترکی کو یہ دھمکی دی تھی کہ اگر اس نے توانائی کی تلاش کے منصوبہ کو عملی جامہ پہنایا تو اس پر پابندیاں عاید کی جاسکتی ہیں۔

یہ توقع ظاہرکی گئی ہے کہ ترکی بحیرہ اسود میں واقع قدرتی گیس کے ذخائر سے 2023ء میں پیداوار شروع کردے گا۔یہ اب تک ترکی کا قدرتی گیس کا سب سے بڑا ذخیرہ ہے۔اگر یہاں تجارتی بنیاد پر قدرتی گیس کی پیداوار شروع ہوجاس تی ہے تو پھر ترکی کو روس ، ایران اور آذربائیجان سے توانائی درآمد نہیں کرنا پڑے گی۔

مقبول خبریں اہم خبریں