امریکا کے خصوصی ایلچی برائے یمن سعودی عرب اور عُمان کے دورے پر روانہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

امریکا کے خصوصی ایلچی برائے یمن ٹِم لنڈرکنگ آج منگل سے سعودی عرب اورعُمان کے دورے پر آرہے ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ نے منگل کے روزایک بیان میں کہا ہے کہ لنڈرکنگ سعودی عرب کے سینیر سرکاری حکام کے علاوہ اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی برائے یمن مارٹن گریفیتھس سے ملاقات کریں گے۔

بیان کے مطابق’’حوثی ملیشیا کے مآرب پر تباہ کن حملے کے مضمرات کے پیش نظرامریکی خصوصی ایلچی لنڈرکنگ یمن بھر میں فوری ،جامع اور پائیدارجنگ بندی کے حصول کے لیے بات چیت کریں گے تاکہ ضروری تجارتی اشیاء اور انسانی امداد کی بلاتعطل یمن میں سپلائی کویقینی بنایا جاسکے اور ایک مشمولہ عبوری سیاسی عمل کا آغاز کیا جاسکے۔‘‘

لنڈرکنگ سعودی حکام سے ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے مآرب پر حملے اور اس کے مضمرات کے بارے میں بہ طور خاص تبادلہ خیال کریں گے۔محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ مآرب میں حوثیوں کی کارروائی اس وقت یمن میں امن عمل میں سب سے زیادہ بڑی رکاوٹ ہے۔اس کی وجہ سے لاکھوں یمنی مسائل سے دوچارہوگئے ہیں۔‘‘

ایران حوثی ملیشیا کی یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کے خلاف جنگ میں حمایت کررہا ہے۔وہ حوثی ملیشیا کو اسلحہ اورہتھیاروں کے علاوہ مالی امداد بھی مہیا کررہا ہے۔حالیہ مہینوں میں حوثی ملیشیا نے سعودی عرب کی جانب سیکڑوں میزائل داغے ہیں اور ڈرون حملے کیے ہیں،ان میں سے بیشتر حملوں کوعرب اتحاد نے ناکام بنا دیا ہے۔

ٹِم لنڈر کنگ نے گذشتہ ہفتے مآرب میں حوثی ملیشیا کی جنگی کارروائی کے ردعمل میں کہا تھا کہ اس گروپ کے دوعہدے داروں کے خلاف پابندیاں عاید کردی جائیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ امریکا حوثی ملیشیا کی مآرب میں کارروائی سے مطمئن نہیں ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں